امریکی ٹینس سٹار وینس ولیمز کی مسلسل 10 ویں شکست، میڈرڈ اوپن سے باہر

امریکا کی نامور ٹینس سٹار اورسابق عالمی نمبر ون وینس ولیمز کو میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

میڈرڈ۔22اپریل (اے پی پی):امریکا کی نامور ٹینس سٹار اورسابق عالمی نمبر ون وینس ولیمز کو میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں میں ایک اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں ویمنز سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میچ میں سپین کی نوجوان کھلاڑی کیٹلن کویڈو نے وینس ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر نہ صرف ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام میڈرڈ اوپن کے دلچسپ مقابلے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے وینیو پارک منزاناریس میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ کے میچ میں سپین کی نوجوان کھلاڑی کیٹلن کویڈو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکی کھلاڑی وینس ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے شکست دے دی۔

یہ وینس ولیمز کی انفرادی مقابلوں میں مسلسل 10 ویں شکست ہے، جو 1975 سے اب تک کسی بھی سابق عالمی نمبر ون کی بدترین کارکردگی ہے۔45 سالہ امریکی ٹینس سٹاروینس ولیمز جنہوں نے اپنے کیریئر میں 5 بار ومبلڈن اور 2 بار یو ایس اوپن جیتا ہے، میچ کے دوسرے ہاف میں 0-3 کی برتری حاصل کرنے کے باوجود اسے برقرار نہ رکھ سکیں۔ دوسری جانب 20 سالہ ہسپانوی کھلاڑی کیٹلن کویڈو نے اپنے پہلے بڑے ٹورنامنٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے تجربہ کار وینس ولیمزکو ایونٹ سے باہر کر دیا۔

وینس ولیمز نے اپنی آخری فتح گزشتہ سال جولائی میں واشنگٹن اوپن میں حاصل کی تھی۔ ریکارڈ ساز 95 گرینڈ سلام مقابلوں میں شرکت کرنے والی وینس ولیمز کی فارم ان دنوں شدید تنزلی کا شکار ہے۔