اسلام آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام، اور برابری کی بنیاد پر بہتر تعلقات چاہتا ہے،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں اہم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے …
وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام، اور برابری کی بنیاد پر بہتر تعلقات چاہتا ہے،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں اہم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی بھی بیرونی فورس کے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھنے کی شدید مخالفت بھی کرتا ہوں اور اس قسم کی سوچ کو بھی ملکی مفادات کے منافی سمجھتا ہوں۔ میں پاکستان کی سرزمین کے تقدس کو پامال کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کی بات نہیں کی تھی بلکہ یہ کہا تھا کہ ہمیں قابل عمل اور معتبر انٹیلی جنس اطلاعات دیں جس کی بنیاد پر ہماری مسلح افواج کارروائی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی کمین گاہیں یا خفیہ ٹھکانے موجود نہیں کیونکہ ہماری مسلح افواج نے گزشتہ 4 سالوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا ہے اور آپریشن ضرب عضب کی مدد سے دہشت گردوں کا صفایا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپریشن کے لیے کسی دوسرے کی امداد یا بوٹس آن گراﺅنڈ کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ہماری مسلح افواج اپنے وطن عزیز کے دفاع اور حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں جس کا عملی کارنامہ انہوں نے کامیاب آپریشن ضرب عضب کے ذریعے کر کے بھی دکھایا ہے جبکہ آپریشن ردالفساد بھی کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنی سرزمین کی حفاظت نہیں کر سکتے وہ ہمارے ساتھ مل کر کیا کارروائی کریں گے۔








