آسٹریلوی فٹبال کلب سینٹ کلڈا کا لیجنڈ ڈینی فرولی کی یاد میں دماغی صحت کے لئے خصوصی میچ سپڈزگیم برقرار رکھنے کا فیصلہ
آسٹریلوی فٹبال کلب سینٹ کلڈا کا لیجنڈ ڈینی فرولی کی یاد میں دماغی صحت کے لئے خصوصی میچ سپڈزگیم برقرار رکھنے کا فیصلہ
میلبورن۔22اپریل (اے پی پی):آسٹریلوی فٹبال کلب سینٹ کلڈا نے کلب کے لیجنڈ ڈینی فراولی کی یاد میں ذہنی صحت سے متعلق خصوصی میچ سپڈز گیم ایک بار پھر منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دیگر وکٹورین حریف ٹیمیں بھی ایسے میچز کے انعقاد پر غور کر رہی ہیں۔یہ میچ مسلسل چھٹے سال منعقد کیا جائے گا اور امکان ہے کہ یہ میلبورن کے مارول سٹیڈیم میں کسی وکٹورین ٹیم کے خلاف کھیلا جائے گا، جس کا حتمی فیصلہ لیگ کی جانب سے راؤنڈ 16 سے 24 کے شیڈول کی تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔سینٹ کلڈا اور کارلٹن کے درمیان راؤنڈ 22 کا مقابلہ اس حوالے سے ایک مضبوط امکان کے طور پر سامنے آ رہا ہے کیونکہ گزشتہ سال بھی یہی دونوں ٹیمیں سپڈز گیم میں آمنے سامنے آئی تھیں۔یہ خصوصی میچ پہلی بار 2021 میں منعقد کیا گیا تھا، جو ڈینی فراولی کی وفات کے 2 سال بعد شروع ہوا۔
ڈینی فراولی نے اپنی زندگی میں ذہنی صحت کے مسائل کے حوالے سے آگاہی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا تھا۔حالیہ دنوں میں ذہنی صحت کا موضوع اس وقت مزید نمایاں ہوا جب کارلٹن کے کھلاڑی الیجا ہولینڈز کو کولنگ وڈ کے خلاف میچ کے دوران ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ادھر جیلونگ کے بیلی سمتھ اور ویسٹرن بلڈوگز کے روری لاب جیسے کھلاڑیوں نے لیگ بھر میں ذہنی صحت کے لیے ایک خصوصی راؤنڈ متعارف کرانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔میلبورن کلب کے چیف ایگزیکٹو پال گویرا نے بھی عندیہ دیا ہے کہ ان کی ٹیم آئندہ سیزن میں ذہنی صحت سے متعلق کسی میچ کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتی ہے، جبکہ ایسینڈن کے لیجنڈ کیون شیڈی نے بھی اس حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔
سینٹ کلڈا کلب سپڈز گیم کو مزید وسعت دینے اور اسے مستقل طور پر ایک بڑا ایونٹ بنانے کا خواہاں ہے، اور امید کی جا رہی ہے کہ مستقبل میں اسے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک بڑے میچ کے طور پر کھیلا جائے گا۔گزشتہ سال اس میچ کو 65 ہزار سے زائد شائقین نے دیکھا، جو اب تک کی سب سے بڑی حاضری تھی۔ذہنی صحت کے فروغ کے لیے بلیک ڈاگ انسٹیٹیوٹ بھی ڈینی فراولی سینٹر کے ساتھ شراکت داری کر چکا ہے جبکہ یہ سینٹر 2022 میں قائم کیا گیا تھا تاکہ کمیونٹی کو ذہنی صحت کے حوالے سے معاونت فراہم کی جا سکے۔ڈینی فراولی جنہوں نے 1984 سے 1995 کے دوران سینٹ کلڈا کے لیے 240 میچز کھیلے، اپنی ذاتی مشکلات کے باوجود ذہنی صحت کے موضوع پر آواز اٹھاتے رہے اور آج بھی ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔









