جرمن سٹار فٹ بالرسرج نیبری فیفا ورلڈ کپ 2026سے باہر، بائرن میونخ کی تصدیق

جرمنی اور بائرن میونخ کے مایہ ناز ونگر سرج نیبری نے تصدیق کی ہے کہ وہ ران کے پٹھے کی شدید تکلیف (انجری) کے باعث رواں موسمِ گرما میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔بائرن میونخ کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 30 سالہ سرج نیبری کی دائیں ران کا پٹھا بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے باعث وہ طویل عرصے …

میونخ۔23اپریل (اے پی پی):جرمنی اور بائرن میونخ کے مایہ ناز ونگر سرج نیبری نے تصدیق کی ہے کہ وہ ران کے پٹھے کی شدید تکلیف (انجری) کے باعث رواں موسمِ گرما میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔بائرن میونخ کلب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 30 سالہ سرج نیبری کی دائیں ران کا پٹھا بری طرح متاثر ہوا ہے جس کے باعث وہ طویل عرصے تک میدان سے باہر رہیں گے۔ سرج نیبری نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں اس خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب چکنا چور ہو گیا ہے اور اب وہ گھر پر بیٹھ کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

سرج نیبری نے رواں سیزن میں بائرن میونخ کے لیے 8 گول سکور کیے اور 7 گول کرنے میں مدد فراہم کی، جرمن کوچ جولین ناگلزمین کے منصوبوں کا اہم حصہ تھے۔ ان کی غیر موجودگی جرمنی کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے ورلڈ کپ کے تمام کوالیفائنگ میچوں میں حصہ لیا تھا۔دوسری جانب بائرن میونخ نے حال ہی میں بنڈس لیگا کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے اور جرمن کپ کے فائنل میں بھی جگہ بنا لی ہے۔

کوچ ونسنٹ کمپنی کی زیر نگرانی ٹیم اب بھی تین بڑے ٹائٹلز (ٹریبل) جیتنے کی دوڑ میں شامل ہے، تاہم انہیں سیزن کے بقیہ اہم میچوں اور خاص طور پر چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں سرج نیبری کی خدمات میسر نہیں ہوں گی۔ کھلاڑی نے اب اپنی تمام تر توجہ مکمل صحت یابی اور اگلے سیزن کی تیاریوں پر مرکوز کر دی ہے۔