میڈرڈ اوپن ٹینس، رافیل جوڈر کی یادگار فتح، جوڈ بیلنگھم کو خراجِ تحسین پیش کر دیا

سپین کے ابھرتے ہوئے ٹینس سٹار رافیل جوڈر نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد ریال میڈرڈ کے مشہور فٹ بالر جوڈ بیلنگھم کے مخصوص انداز میں جشن منا کر شائقین کے دل جیت لیے۔

میڈرڈ۔23اپریل (اے پی پی):سپین کے ابھرتے ہوئے ٹینس سٹار رافیل جوڈر نے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد ریال میڈرڈ کے مشہور فٹ بالر جوڈ بیلنگھم کے مخصوص انداز میں جشن منا کر شائقین کے دل جیت لیے۔امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق اے ٹی پی اورڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام میڈرڈ اوپن کے دلچسپ مقابلے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے وینیو پارک منزاناریس میں جاری ہیں جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ مردوں کے سنگل مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میچ میں 19 سالہ ہسپانوی کھلاڑی رافیل جوڈرجو خود بھی ریال میڈرڈ کے بڑے مداح ہیں، نیدرلینڈز کے حریف جیسپر ڈی جونگ کو ایک سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ رافیل جوڈر کی فتح کا سکور 6-2، 5-7 اور 4-6 تھا۔جیت کے فوراً بعد انہوں نے کیمرے کے لینز پر ہے جوڈ (Hey Jude) لکھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انگلینڈ کے سٹار فٹ بالر جوڈ بیلنگھم خود بھی سٹیڈیم میں موجود تھے، جنہوں نے رافیل جوڈر کی اس کارکردگی پر تالیاں بجائیں اور بعد میں ان سے ملاقات بھی کی۔رافیل جوڈر نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیلنگھم ان کے پسندیدہ فٹ بالر ہیں اور ان کی موجودگی نے ان کا حوصلہ بڑھایا۔ رافیل جوڈر اب رافیل نڈال اور کارلوس الکاراز کے بعد وہ تیسرے ہسپانوی کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 20 سال کی عمر سے قبل میڈرڈ اوپن کے مین ڈرا میں فتح حاصل کی ہے۔

واضح رہے کہ رافیل جوڈر کی عالمی درجہ بندی میں تیزی سے بہتری آئی ہے اور وہ اب دنیا کے 42 ویں نمبر کے کھلاڑی بن چکے ہیں۔ اگلے مرحلے میں ان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ایلکس ڈی مینور سے ہوگا۔ دوسری جانب جوڈ بیلنگھم بھی ان دنوں بہترین فارم میں ہیں اور وہ جون میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی نمائندگی کے لیے تیار ہیں۔