انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے آغاز کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے، جس سے128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔
لاس اینجلس اولمپکس کے لئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کا آغاز
لاہور۔23اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لئے کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر کے آغاز کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے، جس سے128 سال بعد اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق یہ سٹیڈیم امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے پومونا میں فیئرپلیکس گرائونڈز پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں بدھ کو باقاعدہ سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس موقع کو کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل تیزی سے عالمی سطح پر اپنی جگہ بنا رہا ہے اور اولمپکس کا حصہ بننا دنیا بھر کے شائقین کے لیے باعث فخر ہے۔
ان کے مطابق یہ نیا سٹیڈیم اولمپکس کے دوران مرکزی حیثیت اختیار کرے گا اور امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے دیرپا اثرات چھوڑے گا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کھیل کے عالمی پھیلائو کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سالوں میں اس منصوبے سے جڑے مزید اہم مراحل طے ہوں گے جو کرکٹ کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
تقریب میں ایل اے28 کے نائب صدر نکولو کیمپرینی، پومونا کے میئر ٹم سینڈووال، لاس اینجلس میں بھارتی قونصل جنرل ڈاکٹر کے جے سرینیواسا، نائٹ رائیڈرز سپورٹس کے سی ای او وینکی میسور اور فیئرپلیکس کے صدر والٹر مارکیز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ماہرین کے مطابق اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت سے کھیل کو روایتی ممالک سے باہر فروغ دینے میں مدد ملے گی، خاص طور پر امریکہ اور دیگر خطوں میں اس کی مقبولیت بڑھے گی۔ ٹی 20 فارمیٹ میں مردوں اور خواتین دونوں کے مقابلے شامل کیے جائیں گے، جو نئے شائقین کو متوجہ کرنے اور کھیل کی عالمی رسائی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔









