مانچسٹر سٹی نے اپنے 33 ویں میچ میں برنلے کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر کے انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل سے پہلی پوزیشن بھی چھن لی ،اس فتح کے ساتھ ہی آرسنل کی دو سو دن سے جاری برتری کا سلسلہ بھی ختم ہو گیا۔
مانچسٹر سٹی نے برنلے کو ہرا کر پریمیئر لیگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی
لندن۔24اپریل (اے پی پی):مانچسٹر سٹی نے اپنے 33 ویں میچ میں برنلے کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر کے انگلش پریمیئر لیگ میں آرسنل سے پہلی پوزیشن بھی چھن لی ،اس فتح کے ساتھ ہی آرسنل کی دو سو دن سے جاری برتری کا سلسلہ بھی ختم ہو گیا۔امریکی خبر رساں ادارے ای ایس پی این کے مطابق سٹار فٹ بالر ارلنگ ہالینڈ نے میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر سٹی کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹرف مور میں کھیلے گئے اس میچ میں ارلنگ ہالینڈ نے محض پانچویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جس کے ساتھ ہی آرسنل کی 200 دنوں سے جاری پہلی پوزیشن کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
تاہم مانچسٹر سٹی اب آرسنل سے صرف گول کرنے کی بہتر شرح کی بنیاد پر آگے ہے کیونکہ وہ اس میچ میں کئی مواقع کے باوجود اپنی گول کی برتری میں اضافہ نہ کر سکی۔مانچسٹر سٹی نے پورے میچ کے دوران گول کرنے کی 28 کوششیں کیں لیکن ریان شرکی اور ارلنگ ہالینڈ کی ہٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئیں۔ جہاں اس جیت نے مانچسٹر سٹی کو برتری دلائی ہے، وہیں اس شکست نے برنلے کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے اور وہ ایک بار پھر چیمپئن شپ لیگ میں پہنچ گئی ہے۔ برنلے کی ہوم گراؤنڈ پر بغیر کسی جیت کے یہ مسلسل 13 شکست تھی جس نے ان کی تنزلی پر مہر ثبت کر دی ہے۔ مانچسٹر سٹی کے لیے ارلنگ ہالینڈ کا یہ رواں سیزن میں کلب اور ملک کی طرف سے 48واں گول تھا جبکہ برنلے کے خلاف 5 میچوں میں یہ ان کا آٹھواں گول ہے۔
میچ کے دوسرے ہاف میں پیپ گارڈیولا کی ٹیم نے کھیل کی رفتار بڑھانے کی کوشش کی لیکن برنلے کے گول کیپر مارٹن دوبراوکا نے کئی شاندار بچاؤ کر کے مانچسٹرسٹی کو دوسرا گول کرنے سے روکے رکھا۔ آرسنل کے پاس ہفتے کو نیو کیسل کے خلاف میچ جیت کر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع موجود ہے جبکہ مانچسٹر سٹی اب اتوار کو ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں ساؤتھمپٹن کے مدمقابل ہوگی۔ فی الوقت مانچسٹر سٹی کو لیگ میں برتری حاصل ہے کیونکہ اس کو اپنے گزشتہ 21 میچوں میں سے صرف ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔









