انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن(فیبا)نے تصدیق کی ہے کہ فیبا تھری بائی تھری ورلڈ ٹور فائنل 2026 کے پندرہویں ایڈیشن کی میزبانی برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو کرے گا۔
باسکٹ بال، فیبا تھری بائی تھری ورلڈ ٹور فائنل 2026 برازیل میں کرانے کا اعلان
ریو ڈی جنیرو۔24اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل باسکٹ بال فیڈریشن(فیبا)نے تصدیق کی ہے کہ فیبا تھری بائی تھری ورلڈ ٹور فائنل 2026 کے پندرہویں ایڈیشن کی میزبانی برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو کرے گا۔شنہوا کے مطابق یہ ایونٹ 12 اور 13 دسمبر کو منعقد ہوگا۔اس عالمی ٹورنامنٹ کا آغاز 25 اور 26 اپریل کو جاپان کے شہر اتسونومیا سے ہوگا، جس کے بعد یہ سلسلہ مختلف براعظموں کے متعدد شہروں میں جاری رہے گا اور بالآخر ریو ڈی جنیرو میں فائنل مرحلے پر اختتام پذیر ہوگا۔
فیبا تھری بائی تھری کے مینیجنگ ڈائریکٹر الیکس سانچیز نے کہا کہ انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ رواں سال ورلڈ ٹور کا اختتام ایک ایسے شہر میں ہو رہا ہے جو اپنی خوبصورتی اور کھیلوں کے شوق کے لیے دنیا بھر میں معروف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ برازیل میں باسکٹ بال کے کھیل کو غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے اور یہاں کے شائقین کا جوش و خروش اس ایونٹ کو مزید یادگار بنا دے گا۔
برازیلین باسکٹ بال کنفیڈریشن کے صدر مارسیلو سوزا کے مطابق اس عالمی ایونٹ کی میزبانی ملک میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے ایک تاریخی موقع ثابت ہوگی اور اس سے کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد ملے گی۔









