انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی)نے اپنی ذیلی کمیٹی انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی (IBSC) کے ذریعے آل پاکستان انٹر بورڈز ہاکی چیمپئن شپ 2025–26 کا کامیاب انعقاد کیا، جس کی میزبانی لاہور بورڈ نے 21 سے 23 اپریل 2026 تک کی۔
آئی بی سی سی کے زیر اہتمام آل پاکستان انٹر بورڈز ہاکی چیمپئن شپ 2025–26 کا کامیاب انعقاد ، 12 تعلیمی بورڈز کی شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی)نے اپنی ذیلی کمیٹی انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی (IBSC) کے ذریعے آل پاکستان انٹر بورڈز ہاکی چیمپئن شپ 2025–26 کا کامیاب انعقاد کیا، جس کی میزبانی لاہور بورڈ نے 21 سے 23 اپریل 2026 تک کی۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر کے 12 تعلیمی بورڈز نے بھرپور شرکت کی، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، راولپنڈی، بہاولپور، ملتان، پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، بنوں، مردان اور پشاور شامل تھے، جس سے قومی سطح پر کھیلوں کے فروغ اور یکجہتی کا مظاہرہ ہوا۔مقابلوں کے اختتام پر لاہور بورڈ نے پہلی، گوجرانوالہ نے دوسری جبکہ پشاور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح تھے، جن کے ہمراہ اولمپین شہباز سینئر، پرویز سندیلا، خواجہ جنید، فیصل فرید، رضوان نذیر اور مسعود الرحمان سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ آئی بی سی سی نہ صرف تعلیمی ہم آہنگی کا قومی ادارہ ہے بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کو بھی اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی بی سی سی، انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی کے ذریعے ہر سال 30 سے زائد قومی و بین الاقوامی سطح کے سپورٹس مقابلے کا انعقاد کرتا ہے، جن میں بوائز اینڈ گرلز کھلاڑی برابر حصہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی کھیل ہاکی کا فروغ آئی بی سی سی کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، خصوصاً پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ان کی شمولیت کے بعد اس سلسلے میں کوششیں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سپورٹس کلچر کو فروغ دے کر ہم طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، قیادت اور جسمانی و ذہنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ڈاکٹر ملاح نے لاہور بورڈ کی جانب سے شاندار انتظامات اور پیشہ ورانہ انداز میں مقابلے کے انعقاد کو سراہا۔








