پاکستان کااہم سنگ میل،پاکستانی انڈر 16 فٹبال ٹیم کی یو ای ایف اے انڈر 16 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ میں پہلی بارشرکت

پاکستان کی انڈر 16 فٹبال ٹیم نے قازقستان کے شہر شمکنت میں منعقدہ "یو ای ایف اے انڈر 16 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ” میں شرکت کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ اگرچہ میچ کا نتیجہ پاکستان کے حق میں نہ رہا، تاہم کسی بھی یورپی فٹبال باڈی کے زیرِ اہتمام ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ پہلی شرکت ملکی فٹبال کی تاریخ کا ایک اہم باب بن گئی ہے۔

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):پاکستان کی انڈر 16 فٹبال ٹیم نے قازقستان کے شہر شمکنت میں منعقدہ "یو ای ایف اے انڈر 16 ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ” میں شرکت کر کے ایک نیا سنگ میل عبور کر لیا۔ اگرچہ میچ کا نتیجہ پاکستان کے حق میں نہ رہا، تاہم کسی بھی یورپی فٹبال باڈی کے زیرِ اہتمام ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ پہلی شرکت ملکی فٹبال کی تاریخ کا ایک اہم باب بن گئی ہے۔ہفتہ کوبی آئی آئی کے اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ملک قازقستان نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ قازقستان نے کھیل کے آغاز سے ہی میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔ ساتویں منٹ میں افلاطون شپسٹن نے پنالٹی کک پر گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ 21ویں منٹ میں انوار تولیندی نے دوسرا گول داغ دیا۔

پہلے ہاف کے 30ویں منٹ میں میزبان ٹیم کے کپتان ڈیوڈ زارکنی نے دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیسرا گول کیا، جبکہ ہاف ٹائم سے قبل دانیار کاسی نے چوتھا گول کر کے برتری کو 0-4 کر دیا۔وقفے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک نئے عزم کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا اور میزبان ٹیم کے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے جوابی حملے کیے۔ پاکستان کی جانب سے واحد گول کپتان عبدالصمد نے اسکور کیا، جنہوں نے محمد ہنزلہ کے بہترین کراس پر گیند کو سر کی مدد سے جال کی راہ دکھائی۔ دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی دانش مسیح کو بھی گول کرنے کے دو یقینی مواقع ملے مگر وہ گیند کو فنش نہ کر سکے۔

ہیڈ کوچ محمد عیسیٰ نے شکست کے باوجود ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سیکھنے کا بہترین تجربہ ہے۔ پہلی بار پاکستان کی کوئی ٹیم یو ای ایف اے کے ایونٹ میں حصہ لے رہی ہے۔ پہلے ہاف کی مشکلات کے بعد لڑکوں نے جس طرح دوسرے ہاف میں کم بیک کیا، وہ قابلِ ستائش ہے۔کپتان عبدالصمد کا کہنا تھا کہ اگرچہ نتیجہ ان کی خواہش کے مطابق نہیں رہا، لیکن وہ اس میچ سے حاصل ہونے والے سبق کو اگلے میچوں میں بروئے کار لائیں گے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ 27 اپریل 2026 کو روس کے خلاف کھیلے گا۔