لاہور ہائیکورٹ نے نجی ہسپتال کی خاتون ڈاکٹر کی غیر اخلاقی وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی
خاتون ڈاکٹر کو بلیک میل کرنے والے ملزم کی ضمانت خارج
لاہور۔27اپریل (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے نجی ہسپتال کی خاتون ڈاکٹر کی غیر اخلاقی وڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار ملزم کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کا فعل سنگین نوعیت کا ہے اور وہ رعایت کا مستحق نہیں۔جسٹس وحید خان نے ملزم اسرار مجید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایف آئی اے کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خرم پیش ہوئے۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نجی ہسپتال میں بطور ڈرائیور کام کرتا تھا اور نوکری سے نکالے جانے پر اس نے ایک سکیورٹی گارڈ کے ساتھ مل کر خاتون ڈاکٹر کے گھر کے واش روم میں خفیہ کیمرے نصب کیے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے نازیبا وڈیوز بنا کر خاتون ڈاکٹر کو بلیک میل کیا اور 25 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔ مقدمہ خاتون ڈاکٹر کے بیٹے کی درخواست پر درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ملزم کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم گزشتہ دس ماہ سے جیل میں ہے اور کیس کے حقائق کا تعین ٹرائل کے دوران ہوگا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کا فعل سنگین نوعیت کا ہے اور وہ رعایت کا مستحق نہیں، لہذا اس کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔








