پاکستان عالمی امن کے قیام کےلئے مثبت کردارادا کر رہا ہے،مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد
پاکستان عالمی امن کے قیام کےلئے مثبت کردارادا کر رہا ہے،مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد

مزید خبریں
ملتان۔ 27 اپریل (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن کے قیام کیلئے مثبت کردارادا کر رہا ہے،پوری دنیا آج پاکستان کے مصالحتی اورامن پسند کردارکی معترف ہےاور یہی کردارعالمی سطح پر پاکستان کے وقارمیں اضافےکا باعث بن رہا ہے،حالیہ عالمی کشیدگی کے دوران پاکستان نےنہایت ذمہ دارانہ، مثبت اورمؤثر کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں پاکستان ایک امن پسند اور ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے ،پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں اہم سفارتی کردار ادا کیا ،جس سے نہ صرف خطے میں امن کے امکانات روشن ہوئے بلکہ عالمی معیشت کو بھی ممکنہ بحران سے بچانے میں مدد ملی،جنگیں ہمیشہ ملکوں اور قوموں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیتی ہیں، اس لیے مسائل کا حل مذاکرات اور افہام و تفہیم میں ہی مضمر ہے،الحمداللہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص ایک سال مکمل ہونے پر پوری قوم فتح کا جشن منا رہی ہے،گزشتہ سال ہمسایہ ملک بھارت نے پہلگام ڈرامہ صرف پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے کیا، آئندہ بھی ہم ہندوستان کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اورکسی دشمن کے ایجنڈے وسازش کو ملک کے خلاف چلنے نہیں دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہو ں نے پیر کو یہاں نجی ہال میں منعقدہ معرکہ حق بنیان مرصوص استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا موضوع فتح معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی بہادر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنا،مشرق وسطیٰ کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان کا عظیم کردار،ملک میں قیام امن،استحکام پاکستان،قومی یکجہتی،ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کا فروغ تھا۔
چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے، جس پرہم اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہیں،وطن عزیز پاکستان کواتحاد ووحدت،مذہبی ہم آہنگی،روادا ر ی، امن،اخوت محبت،بھائی چارہ،استحکام اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے،علماء کرام اور منبر و محراب کی ذمہ دار ی ہے کہ اس میں اپنا عظیم کردار ادا کریں،ہم ملک دشمن طاقتوں کی تمام سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے، وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کے حکم سے اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ،جو لاکھوں انسانوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا،پاکستان کی سلامتی،ترقی وخو شحالی اور حفاظت کیلئے من حیث القوم ہم سب کی ذمہ دار ی ہے،وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔
مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کہا کہ فتح معرکہ حق بنیان مرصوص ایک سال مکمل ہونے پر آج پوری قوم فتح کا جشن منا رہی ہے،اور تمام مدارس و مساجد و دیگر عبادت گاہوں میں بھی جوش و خروش سے منایاجارہاہے،گزشتہ سال بھارت نے پہلگام ڈرامہ صرف پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کیلئے کیا،ان شاء اللہ آئندہ بھی ہم ہندوستان کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہم ہیں بنیان مرصوص،کسی دشمن کے ایجنڈے اور سازش کو ملک کے خلاف چلنے نہیں دیں گے، بہادر مسلح افواج نے ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر تے ہوئے فتح معرکہ حق میں ہندوستان کا غرور خاک میں ملادیا،اللہ تعالیٰ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اسکی راہ میں اس طرح صف بستہ ہوکر لڑتے ہیں گویا کہ وہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں،مودی آج بری طرح رسوا ہورہا ہے اور اسکی رسوائی ہردن کے ساتھ بڑھتی جارہی ہے اور پاکستان کا مورال بلند ہورہا ہے،افواج پاکستان اور ہمارے قومی سلامتی کے اداروں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستانی قوم اور اُمت مسلمہ کے دل جیت لیے،ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا،چند گھنٹوں میں دشمن کا غرور خاک میں ملادیا۔
چیئرمین مرکزی رویت حلال کمیٹی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے،پوری قوم شہدائے پاکستان معرکہ حق بنیان مرصوص کی فتح عظیم پر افواج پاکستان کی لازو ال قربانیوں کوسلام و خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان جو کردار ادا کررہا ہے پوری دنیا کی نظریں اس پر لگی ہوئی ہیں،تمام علماء کرام اور پوری قوم اپنی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان پاکستان کا وہ عظیم بیانیہ اور فتویٰ ہے جس میں دہشت گردی،انتہاء پسندی،فرقہ واریت اور خودکش حملوں کو حرام قرار دیا گیا ہے،ہم اس پیغام کو ہر گھر کی آواز بنادیں گے۔
کانفرنس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ،پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،ہرآنے والا دن ملک کے دفاع کو مضبوط بنا رہا ہے،پاکستان کی حفاظت کرنا ہم جانتے ہیں،افواج پاکستان نے اپنی بہادری سے پوری قوم کا سرفخرسے بلند کرلیا،پاک فوج ہمار ا فخر ہے،اللہ تعالیٰ ہمارے وطن عزیز پاکستان کی حفاظت فرمائے۔تقریب کے اختتام پر تمام مکاتب فکرکے جید علماء کرام اور دیگر مذاہب عالم کے رہنماؤں نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کرافواج پاکستان و سیاسی قیادت سے اظہار یکجہتی کیا، پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہاتھوں میں اٹھا کر وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا اورپاکستان زندہ باد،پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے،جس سے پورا ہال گونج اٹھا ۔
اس موقع پر عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،ملکی سلامتی ، ترقی و خوشحالی،استحکام پاکستان،مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔کانفر نس میں کمشنر ملتان عامر کریم خان،آر پی او ملتان عثمان اکرم گوندل،ڈی سی ملتان نعمان صدیق،ڈویژن ملتان سے تعلق رکھنے والے تمام ڈپٹی کمشنر ز و دیگر انتظامی افسران سمیت تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ عظام ،ملتان ڈویژن و ڈسٹرکٹ ممبران امن کمیٹی اور زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف رانا طارق علی و دیگر معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔
کانفرنس میں میلسی امن کمیٹی کے سربراہ سید ذیشان،مولاناپیرقاضی عبدالغفار قادری،پیرمسعود قاسم قاسمی،مفتی فتح محمد راشدی،مفتی محمد احمد،علامہ مختیاراحمد ندیم،مولانا عبدالستار نیازی ،ملک خاور شفقت بھٹہ،مولانا عنایت اللہ رحمانی،مولانا عبید اللہ قادری،بشپ یوسف جوہن،بشپ لیو،فادر افتخار مون،لارڈیگ پال سنگھ،مولانا عبدالرحیم گجر،مولانا عبدالحق مجاہد،مولانا فخر الدین رازی،محمد سلیم بلال عطاری،علامہ فاروق خان سعیدی،سید علی رضا گردیزی،مولانا محمد عثمان جالندھری،مفتی رفیق شاہ جمالی،علامہ زبیر احمد صدیقی،مفتی محمد عثمان پسروری،علامہ مجاہد عباس گردیزی،مرزا ارشد قادری،قاری ناصر میاں نقشبندی،مولانا ایاز الحق قاسمی،پروفیسر مظہر حسین گیلانی،انجنیئر سخاوت علی،ظفراقبال صدیقی،سید عبدالبصیر آزاد و دیگرحضرات بھی کثیرتعداد میں شریک ہوئے۔








