قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے اعزاز میں معروف کاروباری شخصیت احمد چنائے کی جانب سے استقبالیہ

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے اعزاز میں معروف کاروباری شخصیت احمد چنائے کی جانب سے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں تاجر برادری، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی

کراچی۔27اپریل (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کے اعزاز میں معروف کاروباری شخصیت احمد چنائے کی جانب سے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں تاجر برادری، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیدال خان ناصر نے حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں اور معاشی استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت کا بنیادی ستون اور اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ہے جو مستقبل میں ایک اہم کاروباری حب کے طور پر مزید ابھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جہاں سے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان مسائل کو حکومت تک مؤثر انداز میں پہنچایا جائے گا اور ان کے حل کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔اس موقع پر احمد چنائے نے ملکی ترقی میں بزنس کمیونٹی کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے لئے نجی شعبے اور حکومت کے درمیان مضبوط روابط نہایت ضروری ہیں۔تقریب کے شرکاء نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے روابط اور مشاورت سے معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں مثبت اور مؤثر نتائج حاصل ہوں گے۔سیدال خان ناصر نے مزید کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ایسی جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی جس سے کسانوں، تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارت کے استحکام سے ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے ڈائریکٹر اور سنٹرل ڈیپازٹری کمپنی کے بورڈ ممبر احمد چنائے ملک کے معروف کاروباری رہنما ہیں جو مختلف صنعتی و تجارتی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔