افغان باشندوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کررہے ہیں،فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ افغان باشندوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پالیسی کی روشنی میں تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کررہے ہیں،اس حوالہ سے انسانی بنیادوں پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا

پشاور۔ 27 اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ افغان باشندوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی پالیسی کی روشنی میں تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کررہے ہیں،اس حوالہ سے انسانی بنیادوں پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز افغان ٹرانزٹ حمزہ بابا کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کارگو ٹریفک میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمینل پر روزانہ تقریباً دو سو گاڑیوں کی گنجائش ہے تاہم رش کے باعث مشکلات بڑھ رہی ہیں، اس لیے کارگو کے لیے ڈبل اسکینر نصب کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں کلیئرنس کے مسائل بھی تاخیر کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ میں نے افغان کمشنریٹ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فوری طور پر میڈیکل کیمپ، ڈسپنسری، ہائی جین کٹس اور دیگر سہولیات فراہم کرے۔گورنر کی ہدایات کی روشنی میں کوہاٹ میں نادرا کے مزید چھ کاؤنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ رش میں اضافے سے مسائل بڑھتے ہیں، اس لیے کوشش کی جا رہی ہے کہ سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔ دیگر اضلاع میں بھی افغانستان واپس جانے والوں کیلئے کیمپ قائم ہیں جہاں سے تمام ضروری کارروائیوں کے بعد طورخم تک انہیں پولیس کی نگرانی میں رسائی دی جارہی ہے ۔ انہوں نے مقامی آبادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے آج بھی افغانستان واپس جانے والوں کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھلے رکھے۔انہوں نے واضح کیا کہ دیگر بارڈرز بند ہونے کی وجہ سے طورخم پر دباؤ زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے درمیان مکمل رابطہ ہے اور اگر کسی ادارے کو مزید وسائل درکار ہوں تو وفاقی سطح پر سہولیات بڑھائی جائیں گی۔