ورلڈ کپ فٹ بال2026،بوسٹن میں شائقین کو سٹیڈیم کے باہر پکنک اور جشن منانے کی اجازت مل گئی

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے شائقین کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔

بوسٹن۔28اپریل (اے پی پی):امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے شائقین کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ ای ایس پی این کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کی میزبان کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ فٹ بال میچوں سے قبل بوسٹن سٹیڈیم کے پارکنگ ایریا میں شائقین کو ’’ٹیل گیٹنگ‘‘ یعنی گاڑیوں کے پاس جمع ہو کر کھانے پینے اور جشن منانے کی اجازت ہوگی۔فیفا نے اس سے قبل ٹورنامنٹ کے تمام 104 میچوں کے دوران اس طرح کی سرگرمیوں پر پابندی کا ابتدائی فیصلہ کیا تھا، تاہم اب اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔ میزبان کمیٹی کے مطابق گلٹ سٹیڈیم میں مقامی پالیسیوں کے تحت شائقین اسی طرح جشن منا سکیں گے جیسے وہ امریکی فٹ بال (این ایف ایل) کے میچوں کے دوران مناتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران پارکنگ کے لئے جگہ کافی محدود ہوگی ، جہاں عام طور پر 20 ہزار گاڑیوں کی جگہ ہوتی ہے، وہاں ورلڈ کپ کے دوران صرف 5 ہزار پارکنگ سپاٹس دستیاب ہوں گے۔ انتظامیہ نے شائقین کی سہولت کے لئے ٹرین اور بس سروس کے کرایوں کا اعلان بھی کر دیا ہے، تاہم یہ کرایہ عام میچوں کے مقابلے میں چار گنا زیادہ رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ گلٹ سٹیڈیم میں گروپ مرحلے کے 6میچوں سمیت 9 جولائی کو ایک بڑا کوارٹر فائنل بھی کھیلا جائے گا۔ دوسری جانب نیویارک شہر نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے دوران مختلف مقامات پر ’’فین فیسٹ‘‘ یعنی عوامی میلے منعقد کرے گا تاکہ شائقین بھرپور طریقے سے فٹ بال کا جشن منا سکیں۔ادھر نیو یارک سٹی میں بھی اعلان کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ میچز کے موقع پر شہر کے پانچوں علاقوں میں فین فیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا، جو نیو جرسی کے میٹ لائف سٹیڈیم سمیت دیگر مقامات پر ہونے والے مقابلوں کے ساتھ منسلک ہوں گے۔