بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسراٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کل کھیلا جائے گا

بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل (بدھ کو) کھیلا جائے گا۔

ڈھاکہ۔28اپریل (اے پی پی):بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل (بدھ کو) کھیلا جائے گا۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق یہ میچ بیر سریشتھو فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن سٹیڈیم،چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔ میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم کو مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں کیویز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان بنگلہ دیش ٹیم نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 1-2 سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ان دنوں بنگلہ دیش کے دورہ پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی،تین ون ڈے میچوں کی سیریز مکمل ہوچکی ہے جو بنگلہ دیش کی ٹیم نے 1-2 سے جیت لی تھی جبکہ ٹی ٹونٹی سیریز کا ایک میچ کھیلا جا چکا ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے جبکہ میزبان بنگلہ دیش کو لٹن داس لیڈ کریں گے۔ دوسر ا ٹی ٹونٹی میچ 29 اپریل کو اسی مقام چٹوگرام میں ہی کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 2 مئی کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم،ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔