لیسکو کا کوٹ رادھا کشن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن، سکینک میٹر جلانے پر مقدمہ درج ، ترجمان

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لیسکو کے قصور سرکل میں بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں

لاہور۔28اپریل (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت لیسکو کے قصور سرکل میں بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ایس ای قصور سرکل کی ہدایت پر ایکسین کوٹ رادھاکشن ملک بلال کی سربراہی میں ایس ڈی او کوٹ رادھاکشن سب ڈویژن نمبر 2 عاشق علی اور چیکنگ ٹیم نے بھرپور کریک ڈائون کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں گرینڈ آپریشن کیا۔ اس دوران متعدد بجلی چوروں کو موقع پر رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ کارروائی کے دوران ہلڑ کے نواحی گاں پیمار میں بجلی چوروں کی جانب سے لیسکو کا نصب شدہ سکینک میٹر جلا دیا گیا، جس پر متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔مزید برآں نادہندگان کے کنکشنز موقع پر منقطع کیے گئے جبکہ عادی بجلی چوروں کی بجلی سپلائی مستقل بنیادوں پر بند کر دی گئی۔ لیسکو ٹیم نے موقع پر جرمانے بھی عائد کیے اور واجبات کی وصولی کا عمل جاری رکھا۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا ہے کہ بجلی چوری اور نادہندگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔