مریم کی دستک پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک شہریوں کی جانب سے 33 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو ئی ہیں، فیصل یوسف
مریم کی دستک پلیٹ فارم کے ذریعے اب تک شہریوں کی جانب سے 33 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو ئی ہیں، فیصل یوسف

مزید خبریں
لاہور۔28اپریل (اے پی پی):عوام کو سرکاری خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکومتِ پنجاب کیلئے وضع کردہ مریم کی دستک پلیٹ فارم کے ذریعے جون 2024 سے اب تک شہریوں کی جانب سے 33 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے 27 لاکھ سے زائد درخواستیں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ بقیہ 4 لاکھ 89 ہزار سے زائد درخواستیں جلد نمٹا دی جائیں گی۔
یہ بات ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ہزاروں نوجوان بطور دستک فسیلیٹیٹر رجسٹر ہو چکے ہیں جو عوام تک خدمات پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
فی الوقت پنجاب بھر میں مریم کی دستک پروگرام کے تحت 76 سے زائد سرکاری خدمات فراہم کی جا رہی ہیں جن میں ڈومیسائل، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، فرد یا رجسٹری ریکارڈ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ریگولر ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید سمیت کئی بنیادی سہولیات شامل ہیں۔
شہری اب دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے صرف 1202 پر کال یا دستک ڈور سٹیپ ڈیلیوری ایپ کے ذریعے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ مریم کی دستک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو شہریوں کو آسان، شفاف اور تیز تر سرکاری خدمات گھر کی دہلیز پر فراہم کر رہا ہے، اس کے ذریعے نہ صرف لوگوں کا وقت اور اخراجات بچ رہے ہیں بلکہ حکومتی خدمات پر عوام کا اعتماد بھی مضبوط ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سسٹم کو مزید بہتر بنانے اور اس میں نئی سہولیات شامل کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ خدمات گھر کی دہلیز پر دستیاب ہوں۔








