پولیس کالج سہالہ میں ڈی ایس پی پروموشن کورس کی گریجویشن تقریب، 57 انسپکٹرز کو اسناد سے نوازا گیا

راولپنڈی۔28اپریل (اے پی پی):پولیس کالج سہالہ میں ڈی ایس پی پروموشن کورس (ایڈوانس) کی پروقار گریجویشن تقریب منعقد ہوئی جس میں 57 انسپکٹرز کو اسناد سے نواز دیا گیا۔ ڈی آئی جی،کمانڈنٹ اشفاق احمد خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سینئر پولیس افسران، تربیتی عملہ، مہمانان گرامی اور زیر تربیت افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ چاق و چوبند دستے نے …

راولپنڈی۔28اپریل (اے پی پی):پولیس کالج سہالہ میں ڈی ایس پی پروموشن کورس (ایڈوانس) کی پروقار گریجویشن تقریب منعقد ہوئی جس میں 57 انسپکٹرز کو اسناد سے نواز دیا گیا۔ ڈی آئی جی،کمانڈنٹ اشفاق احمد خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سینئر پولیس افسران، تربیتی عملہ، مہمانان گرامی اور زیر تربیت افسران کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ چاق و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر کامیاب ہونے والے 56 مرد اور ایک خاتون افسر سمیت مجموعی طور پر 57 انسپکٹرز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اپنے خطاب میں اشفاق احمد خان نے کامیاب افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کورس ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے وژن کے تحت پولیس تربیت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ افسران بدلتے حالات اور نئے چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ جدید پولیسنگ میں قانون نافذ کرنے کے ساتھ عوامی خدمت، اخلاقیات اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو بھی کلیدی اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورس کے دوران افسران کو سٹریس و اینگر مینجمنٹ، وی وی آئی پی سکیورٹی، کرائم سین مینجمنٹ، تفتیشی تکنیک اور لیڈرشپ اسکلز پر جامع تربیت دی گئی تاکہ انہیں ایک باصلاحیت اور ذمہ دار لیڈر کے طور پر تیار کیا جا سکے۔ کمانڈنٹ نے پولیس کالج سہالہ کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1959 میں قائم ہونے والا یہ ادارہ ملک کا سب سے بڑا پولیس تربیتی مرکز ہے جہاں ایک لاکھ سے زائد افسران و اہلکار تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے تربیتی عملے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ انسٹرکٹرز نے محنت اور لگن سے افسران کو تیار کیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے افسران کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں شرکت کی جبکہ کامیاب افسران نے کمانڈنٹ کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تربیت کو بروئے کار لاتے ہوئے امن و امان کے قیام اور عوامی خدمت میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔