انٹر ڈسٹرکٹ ڈویژن بہاولپور کبڈی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 29 اپریل کو ہوگی

انٹر ڈسٹرکٹ ڈویژن بہاولپور کبڈی چیمپئن شپ 2026 کی افتتاحی تقریب 29 اپریل بروز بدھ شام 4 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں منعقد ہوگی۔ منگل کو ڈویژنل سپورٹس آفیسر بہاولپور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیمپئن شپ میں بہاولپور ڈویژن کے مختلف اضلاع کی نمائندہ ٹیمیں حصہ لیں گی

بہاولپور۔ 28 اپریل (اے پی پی):انٹر ڈسٹرکٹ ڈویژن بہاولپور کبڈی چیمپئن شپ 2026 کی افتتاحی تقریب 29 اپریل بروز بدھ شام 4 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں منعقد ہوگی۔ منگل کو ڈویژنل سپورٹس آفیسر بہاولپور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیمپئن شپ میں بہاولپور ڈویژن کے مختلف اضلاع کی نمائندہ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا اور علاقائی سطح پر کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

تقریبِ تقسیمِ انعامات 30 اپریل کو شام 5 بجے ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں منعقد کی جائے گی جس میں کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر نے شائقینِ کبڈی سے کہا ہے کہ وہ شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور روایتی کھیل کبڈی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ ڈویژن بہاولپور میں کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔

 

مزید خبریں