سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اشتراک سے ہونے والی ایل آئی وی (لِو) گالف سیریز کا جون میں امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر نیو اورلینز میں شیڈول ایونٹ ملتوی کر دیا گیا ہے
ایل آئی وی گالف کا نیو اورلینز میں شیڈول ٹورنامنٹ ملتوی، ستمبر یا اکتوبر میں منعقد کئے جانے کا امکان
نیو یارک ۔29اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اشتراک سے ہونے والی ایل آئی وی (لِو) گالف سیریز کا جون میں امریکی ریاست لوئیزیانا کے شہر نیو اورلینز میں شیڈول ایونٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔بی بی سی کے مطابق اب یہ ٹورنامنٹ رواں سال ستمبر یا اکتوبر میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔ایونٹ کو آگے بڑھانے کی بڑی وجوہات میں لوئیزیانا کی شدید گرمی اورسٹی پارک کے بایو اوکس کورس کو کھیل کے لیے بہترین حالت میں تیار کرنا بتایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منتظمین عالمی کپ (ورلڈ کپ) کے مقابلوں کے ساتھ ممکنہ ٹکراؤ سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔ریاستی گورنر جیف لینڈری اور سیکرٹری اقتصادی ترقی سوزن بورژوا نے ایک مشترکہ بیان میں بتایا کہ معاہدے کے تحت ریاست اب تک 32 لاکھ ڈالر ادا کر چکی ہے، جس میں سے 20 لاکھ ڈالر گراؤنڈ کی بہتری پر خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ بقیہ رقم لِو گالف انتظامیہ واپس کر دے گی۔واضح رہے کہ اس التوا کے باعث اب امریکہ میں 10 مئی سے 6 اگست تک لِو گالف کا کوئی ایونٹ نہیں ہوگا۔ اگرچہ مارکیٹ میں اس سیریز کے مستقبل کے حوالے سے مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، تاہم ادارے کے چیف ایگزیکٹو سکاٹ او نیل نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ 2026 کا سیزن طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری رہے گا۔









