چیف منسٹر پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی چیمپئن شپ سرگودھا نے جیت لی

وزیراعلی پنجاب کے وژن کے تحت وزیر کھیل اور ڈی جی سپورٹس کے احکامات کی روشنی میں ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیر اہتمام چیف منسٹر پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی

سرگودھا۔ 29 اپریل (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کے وژن کے تحت وزیر کھیل اور ڈی جی سپورٹس کے احکامات کی روشنی میں ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کے زیر اہتمام چیف منسٹر پنجاب انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ٹیموں نے شرکت کی۔

چیمپئن شپ کا فائنل سرگودھا اور خوشاب کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا،سنسنی خیز مقابلے کے بعد ضلع سرگودھا کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ضلع خوشاب دوسرے نمبر پر رہا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈویژنل ڈائریکٹر پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس سرگودھا کرنل (ر) جواد احمد اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا ملک عامر شہزاد تھے۔اس موقع پر کرنل (ر) جواد احمد نے کہا کہ موجودہ موبائل اور ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا نہایت ضروری ہے اور اس قسم کے ایونٹس صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کبڈی جیسے روایتی کھیل کو فروغ دینا قابل تحسین اقدام ہے۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر سرگودھا ملک عامر شہزاد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا باقاعدگی سے کھیلوں کے فروغ کے لیے ایونٹس کا انعقاد کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل سپورٹس آفیسر رانا ندیم انجم اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صائمہ منظور کی نگرانی میں سرگودھا میں کھیلوں کو فروغ دیا جا رہا ہے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو کہ ایک خوش آئند آمر ہے۔

رانا ندیم انجم نے ایونٹ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں، شائقین اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ سرگودھا کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے آخر میں جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

مزید خبریں