حفاظتی ٹیکے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہیں، عائشہ رضا فاروق

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حفاظتی ٹیکے بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کا مؤثر ترین ذریعہ ہیں۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں عائشہ رضا فاروق کا کہنا تھا کہ پولیو کا خاتمہ اور معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے فروغ کا مشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے اور بچوں کو دیگر خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات کے مکمل کورس کو یقینی بنائیں۔عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ایک محفوظ اور صحت مند پاکستان کے لیے ہر بچے کی ویکسی نیشن ناگزیر ہے، اور اس قومی فریضے کی ادائیگی میں والدین، کمیونٹی اور متعلقہ اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔