پاکستان کی بندرگاہیں ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ،جنید انوار چوہدری

پاکستان کی بندرگاہیں ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ،جنید انوار چوہدری

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ خطے کی کشیدہ صورتحال سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ بحر ہند میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات پوری دنیا محسوس کرتی ہے۔

انہوں نے بدھ کو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی خطرات اور تجارتی رکاوٹیں شپنگ کمپنیوں کے لئے بڑا چیلنج بن چکی ہیں۔ جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ وزیر اعظم کی پالیسیوں کے باعث تیل کی ترسیل کا سلسلہ جاری رہا اور وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے بحران کو موقع میں بدل دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی بندرگاہ اور گوادر بندرگاہ کو محفوظ اور کم لاگت متبادل کے طور پر پیش کیا گیا جبکہ کراچی پورٹ نے ایک ماہ میں 111,300 ٹی ای یوز ہینڈل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان کی بندرگاہیں ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں اور تاجر برادری کو کاروبار کے فروغ کے لئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گوادر پورٹ نے پہلی خصوصی ٹرانس شپمنٹ ہینڈل کر کے اہم پیشرفت حاصل کی جبکہ ایف بی آر کے تعاون سے رسک مینجمنٹ سسٹم نافذ ہونے سے کلیئرنس کے وقت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

ان کے مطابق پورٹ چارجز میں 60 فیصد کمی کی گئی ہے اور 137 سالہ تاریخ میں پہلی بار عید تعطیلات کے دوران بھی پورٹ آپریشنز جاری رکھے گئے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کو سمندری تجارت، علاقائی رابطوں اور بحری خوشحالی کا مرکز بنایا جائے گا۔

اس موقع پر چیئرمین کے پی ٹی نے بتایا کہ ستمبر سے کراچی بندرگاہ سے پپری تک چار ٹرینیں چلانے کا آغاز کیا جائے گا۔ ریئر ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ خوردنی تیل اور فیری سروس کے لئے جدید ٹرمینلز تعمیر کئے جا چکے ہیں اور کراچی بندرگاہ کی صلاحیت آئندہ 50سال کے لئے بھی کافی ہے۔