اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس، معرکہ حق میں عظیم کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت اراکین کونسل نے اس اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ بدھ کو کونسل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گزشتہ برس معرکہ حق میں عظیم کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی …

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس چیئرمین کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

وفاقی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت اراکین کونسل نے اس اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ بدھ کو کونسل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گزشتہ برس معرکہ حق میں عظیم کامیابی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا کہ گزشتہ برس 22 اپریل 2025ء کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے علاقہ پہلگام میں بھارتی حکومت کی طرف سے انجام دیئے گئے فالس فلیگ آپریشن کے محض تین گھنٹے بعد بھارت کے گودی میڈیا نے حقائق مسخ کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا شروع کر دیا، پاکستان نے ان بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت نے اس پیشکش کا مثبت جواب دینے کى بجائے سلامتی کونسل میں پاکستان کے خلاف تحریک منظور کرانے کی کوشش کی اور جنگ کی دھمکیاں دیں تاکہ دنیا کی توجہ اس منصوبہ بند فالس فلیگ سے ہٹائی جا سکے، بھارتی دھمکیوں اور ممکنہ حملوں کے جواب میں وفاقی حکومت اور افواج پاکستان نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان اپنا دفاع کرنے کا فن جانتا ہے۔

بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا جس میں اللہ تعالیٰ نے افواج پاکستان کو تاریخی فتح عطا فرمائی۔معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر اسلامی نظریاتی کونسل افواج پاکستان، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

اجلاس مىں حالیہ ایران-امریکا-اسرائیل تنازعہ کے تناظر میں جنگ بندی اور امن معاہدے کے حوالے سے حکومتِ پاکستان ، وزىراعظم محمد شہباز شرىف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کى غیر معمولی کاوشوں کی بھرپور تعریف و تحسین کی گئی۔ کونسل نے معزز رکن کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے ساتھ لندن میں شر پسند عناصر کی جانب سے بدتمیزی کے واقعہ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کو فوری طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

کونسل نے ضرورت مند بچوں کے لئے شیر مادر محفوظ کرنے کے لئے ایک ادارےکے قیام کے حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی طرف سے موصولہ بل کو اطمینان بخش قرار دیا اور مزید بہتری کے لئے چند اہم تجاویز کی منظوری دی۔ عرصہ زوجیت میں مالی اثاثوں (Matrimonial Assets) سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ یہ معاملہ قبل ازیں بھی کونسل کے زیر غور آیا تھا اور کونسل نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو شرعی احکام کی روشنی میں واضح سفارشات بھیجی تھیں جن کے مطابق ازدواجی اثاثوں کا تصور شرعی اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ ان سفارشات کی بنیاد پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے متعلقہ بل کو مسترد کر دیا تھا۔

کونسل نے قرار دیا کہ مقننہ کی طرف سے مسترد کئے جانے کے باوجود اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے حکومت کو قانون سازی کی ہدایات جاری کرنا درست طرزِ عمل نہیں۔ کونسل نے فیصلہ کیا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کو اس حوالے سے کونسل کے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لئے خطوط لکھے جائیں گے۔ علاوہ ازیں مقدس اوراق کی ری سائیکلنگ سے متعلق وزارت مذہبی امور کی طرف سے تیار کردہ ایس او پیز کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔