آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ تربیتی ہوائی اڈے پر ہینگر سے ٹکرا گیا ، 2 افراد ہلاک، 10 زخمی
آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ تربیتی ہوائی اڈے پر ہینگر سے ٹکرا گیا ، 2 افراد ہلاک، 10 زخمی

مزید خبریں
کینبرا۔29اپریل (اے پی پی):جنوبی آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ تربیتی ہوائی اڈے پر ہینگر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔
شنہوا کے مطابق جنوبی آسٹریلیا کی پولیس فورس نے بتایا ہے کہ یہ حادثہ بدھ کی دوپہر کو مقامی وقت کے مطابق تقریباً 2 بج کر 10 منٹ پر ایڈیلیڈ شہر کے مرکز سے تقریباً 15 کلومیٹر شمال میں واقع پیرافیلڈ تربیتی ہوائی اڈے پر اس وتق پیش آیا جب طیارہ لینڈنگ کی کوشش کے دوران ایک ہینگر سے ٹکرا گیا۔
چیف انسپکٹر اینڈریو میک کریکن نے بتایا کہ حادثے میں طیارے میں سوار 2 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ہینگر کے اندر موجود 10 افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جو شدید جھلس گیا ۔
آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق متعدد زیرِ تربیت پائلٹس کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ فائر فائٹنگ حکام نے بتایا کہ حادثے کے باعث ہینگر میں آگ بھڑک اٹھی، جسے وہاں موجود ایندھن نے مزید شدت دی۔
آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ڈائمنڈ DA42 دو انجنوں پر مشتمل تھا۔
بیورو نے کہا ہے کہ تحقیقاتی ٹیمیں جمعرات کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کریں گی، جن میں طیارے کے حصوں کو مزید جانچ کے لیے حاصل کرنا اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کرنا شامل ہے۔








