آئی آئی یو آئی کے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے نئے کیمپس ایچ-10 میں جدید سپورٹس سہولیات کا افتتاح کر دیا

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اپنے نئے کیمپس ایچ-10 میں جدید سپورٹس سہولیات کا افتتاح کر دیا ،جو مملکتِ سعودی عرب کے تعاون سے قائم کی گئی ہیں

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے صدر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے اپنے نئے کیمپس ایچ-10 میں جدید سپورٹس سہولیات کا افتتاح کر دیا ،جو مملکتِ سعودی عرب کے تعاون سے قائم کی گئی ہیں، ان سہولیات کا مقصد طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا اور تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ جسمانی فٹنس کو بھی یقینی بنانا ہے۔ افتتاحی تقریب میں جامعہ کے سینئر حکام اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر طلباء و طالبات دونوں کیمپسز میں جدید جمنازیمز اور اوپن فٹنس سپیسز کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جامعہ انتظامیہ کے مطابق نئی سہولیات میں جدید ایکسرسائز مشینری، کشادہ فٹنس ایریاز اور طلبہ کے لئے محفوظ و آرام دہ ماحول فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی جسمانی صحت کا بہتر خیال رکھ سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر جامعہ نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی جسمانی اور ذہنی صحت بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو ایک متوازن اور متحرک کیمپس ماحول کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔ طلباء و طالبات نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید سپورٹس سہولیات نہ صرف ان کی فٹنس کو بہتر بنائیں گی بلکہ تعلیمی دباؤ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔ یہ اقدام جامعہ کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ تعلیمی میدان کے ساتھ ساتھ صحت مند زندگی گزارنے کے قابل بھی بن سکیں۔

 

مزید خبریں