ترک وفد کا الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے اقامتی ادارے آغوش کالج مری کا دورہ

ترکیہ سے آئے وفد نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے اقامتی ادارے آغوش کالج مری کا دورہ کیا۔ وفد میں فیکلٹی ممبر میڈی پول یونیورسٹی ترکیہ ڈاکٹر سلمان،ترک الومنائی ایسوسی ایشن کے صدریوسف سید اوغلو شامل تھے

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):ترکیہ سے آئے وفد نے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے اقامتی ادارے آغوش کالج مری کا دورہ کیا۔ وفد میں فیکلٹی ممبر میڈی پول یونیورسٹی ترکیہ ڈاکٹر سلمان،ترک الومنائی ایسوسی ایشن کے صدریوسف سید اوغلو شامل تھے۔ ترک وفد نے آغوش کالج مری کے تعلیمی ماحول، جدید سہولیات اور یتیم طلبہ کے لیے فراہم کردہ معیاری تعلیمی و تربیتی نظام کو نہایت سراہا۔ انہوں نے طلبہ کی شخصیت سازی، روشن مستقبل کی تیاری اور معیاری تعلیم کے لیے ادارے کی سنجیدہ کاوشوں پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

مہمانوں نے آغوش کالج مری کے ساتھ مسلسل روابط، ممکنہ تعاون اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے اپنی دلچسپی اور آمادگی کا اظہار بھی کیا۔پرنسپل آغوش کالج مری اعظم خان نے اس موقع پر کہا کہ معزز ترک مہمانوں کی آمد ہمارے لئے باعث اعزاز اور ان کی حوصلہ افزائی و تعاون کا جذبہ ہمارے لیے نہایت قیمتی ہے۔ آغوش کالج مری یتیم بچوں کو بہترین تعلیم، کردار سازی اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے مشن پر کاربند ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ بین الاقوامی روابط مستقبل میں مزید مثبت نتائج کا سبب بنیں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ملاقات باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولے گی۔

 

مزید خبریں