فلیئر ٹریول آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ایم-15 (لیگ-1) ٹورنامنٹ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد جاری
فلیئر ٹریول آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ایم-15 (لیگ-1) ٹورنامنٹ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد جاری

مزید خبریں
اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):فلیئر ٹریول آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ایم-15 (لیگ-1) ٹورنامنٹ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں جاری ہے۔ یہ ٹورنامنٹ برصغیر کے معروف سابق ٹینس کھلاڑی خواجہ افتخار احمد کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے، تاکہ کھیل کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور علاقائی ٹینس کی تاریخ میں ان کے دیرپا کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ مسٹر افتخار کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ تقسیم سے قبل متحدہ ہندوستان میں نمبر 1 رہے اور بعد ازاں پاکستان میں بھی ایک دہائی تک نمبر 1 پوزیشن پر فائز رہے۔ کھیل کے لیے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 1964 میں فیلڈ مارشل ایوب خان کی جانب سے صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی (Pride of Performance) سے نوازا گیا۔
اس باوقار بین الاقوامی ایونٹ میں 23 ممالک سے تعلق رکھنے والے 70 مرد کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ شریک ممالک میں پاکستان، کویت، روس، ازبکستان، سویڈن، آسٹریلیا، ملائیشیا، برطانیہ، اٹلی، لتھوانیا، چین، ترکی، الجزائر، کینیڈا، امریکہ، آئرلینڈ، پولینڈ، ہانگ کانگ، نیپال، یونان، سعودی عرب، لبنان اور جاپان شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ سویڈن کے لیو بورگ ہیں، جن کی اے ٹی پی رینکنگ 483 ہے، جبکہ دوسرے سیڈ الجزائر کے سمیر حمزہ ریگوئگ ہیں، جن کی اے ٹی پی رینکنگ 844 ہے۔ مین ڈرا کے دوسرے روز پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں محمد شعیب اور برکت اللہ نے اہم کامیابیاں حاصل کر کے مینز سنگلز کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ شعیب نے عمدہ کھیل کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پُراعتماد فتح حاصل کی، جبکہ برکت اللہ نے زبردست عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو شکست دی اور اگلے مرحلے میں جگہ بنائی، یوں سنگلز مقابلوں میں پاکستان کی امیدیں برقرار رہیں۔
مینز ڈبلز میں نوجوان پاکستانی جوڑی ابو بکر طلحہ اور احمد نائل قریشی نے شاندار کھیل پیش کیا۔ پہلے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد شکست کے باوجود، انہوں نے زبردست کم بیک کیا اور جارحانہ و متوازن کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے اپنے حریفوں کو 5–7، 6–2، 10–5 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی اور پاکستان میں ابھرتی ہوئی ٹینس ٹیلنٹ کی بہترین مثال پیش کی۔
آج کے میچ کے نتائج مینز سنگلز پہلا راؤنڈ میں محمد شعیب (پاکستان) نے ایدوارڈو چیری لیگنیئر (اٹلی) کو 6–1، 6–3 سے شکست دی، درشن سریش (ملائیشیا) نے ملیح اناواتان (ترکی) کو 6–4، 6–3 سے ہرایا۔ آروِد نورڈکوسٹ (سویڈن) نے کارل ہولڈر (برطانیہ) کو 6–4، 7–6(7–0) سے شکست دی، برکت اللہ (پاکستان) نے یوسف خلیل (پاکستان) کو 1–6، 6–4، 6–2 سے ہرایا، سمیر حمزہ ریگوئگ (الجزائر) نے آندرے کونیتسن (روس) کو 7–5، 2–6، 7–6(4) سے شکست دی، الیگزی ڈوبینن (روس) نے ایڈم باجورکو (پولینڈ) کو 6–3، 6–3 سے ہرایا، لیو بورگ (سویڈن) نے عقیل خان (پاکستان) کو 7–6(4)، 6–3 سے شکست دی،
میرت ناجی ترکَر (ترکی) نے اسٹیوان پوپوچ (جرمنی) کو 6–7(5)، 7–6(5)، 7–6(3) سے ہرایا۔ مینز ڈبلز – پہلا راؤنڈ میں احمد نائل قریشی / ابو بکر طلحہ (پاکستان) نے ایگور خوچینکوف / دمتری شیروکی (روس) کو 5–7، 6–2، 10–5 سے شکست دی، عیسیٰ قبازرد (کویت) / درشن سریش (ملائیشیا) نے آرخیپ کوزلوف / عبدالعزیز عثمانجونوف کو 7–5، 6–3 سے ہرایا، عقیل خان / برکت خان (پاکستان) نے ایڈم باجورکو / لارنس بٹالجِن کو 6–0، 6–1 سے شکست دی، ایڈم فراگ-کاؤ / کارل ہولڈر نے نکیتا یانن / آندرے کونیتسن کو 3–6، 7–6(3)، 10–6 سے ہرایا، توگرا دوران / میرَت ناجی ترکَر (ترکی) نے یوسف خلیل / محمد شعیب (پاکستان) کو 6–4، 6–4 سے شکست دی۔








