دہشت گردی اور معاشی عدم استحکام جیسے عالمی بحرانوں کے دور میں مکالمہ اور سفارتکاری ناگزیر ہیں،پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ
دہشت گردی اور معاشی عدم استحکام جیسے عالمی بحرانوں کے دور میں مکالمہ اور سفارتکاری ناگزیر ہیں،پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ

مزید خبریں
پیرس۔29اپریل (اے پی پی):فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرابلوچ نے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سنگم پر پاکستان کی جیو سٹریٹجک اہمیت اور کثیر الجہتی بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ روٹری کلب آف پیرس کے زیر اہتمام بدلتی ہوئی دنیا میں پاکستان” کے موضوع کے تحت منعقد ہونے والی کانفرنس میں پاکستاانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے کلیدی خطاب میں تیزی سے بدلتے ہوئے بین الاقوامی نظم و ضبط میں پاکستان کے موقف اور کردار کا جامع جائزہ پیش کیا۔
بدھ کو پیرس میں پاکستان کے سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے سنگم پر پاکستان کی جیو سٹریٹجک اہمیت اور کثیر الجہتی، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور معاشی عدم استحکام جیسے عالمی بحرانوں کے دور میں مکالمہ اور سفارتکاری محض ترجیحی اختیارات نہیں بلکہ ناگزیر تقاضے ہیں۔
سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے بحرانی صورتحال کو کم کرنے کی کوششوں اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں ثالث کے طور پر پاکستان کے کردار کے بارے میں شرکاء کو بریفنگ دی اور امن و مکالمے کی تمام کوششوں میں تعمیری تعاون فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان کے بھرپور تہذیبی ورثے، اس کی نوجوان اور متحرک آبادی اور اقتصادی رفتار کے بارے میں بھی گفتگو کی۔ انہوں نے ملک میں جاری اصلاحاتی ایجنڈے اور فرانس اور وسیع تر یورپی برادری کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے موجود اہم مواقع کا بھی ذکر کیا۔تقریب میں روٹری کلب آف پیرس کے اراکین اور فرانسیسی دارالحکومت کی سفارتی، کاروباری اور شہری برادری کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔








