عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گریبیسس نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ادارے سے علیحدگی کے لیے واجب الادا رکنیت فیس کی مکمل ادائیگی ضروری ہے۔
امریکا کی ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی، بقایاجات کی ادائیگی لازمی قرار
جنیوا ۔30اپریل (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گریبیسس نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ادارے سے علیحدگی کے لیے واجب الادا رکنیت فیس کی مکمل ادائیگی ضروری ہے۔
جنیوا میں اقوام متحدہ سے منظور شدہ صحافیوں کی تنظیم کے زیر اہتمام پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ امریکا کو تنظیم سے باضابطہ علیحدگی کے لیے دو شرائط پوری کرنا ہوں گی، جن میں ایک سال کا پیشگی نوٹس اور تمام بقایاجات کی ادائیگی شامل ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ نے جنوری 2025 میں عہدہ سنبھالتے ہی ڈبلیو ایچ او سے علیحدگی کے لیے ایک سالہ نوٹس جمع کرایا تھا۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکہ علیحدگی سے قبل اپنے واجبات ادا کرے گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی واضح اشارہ نہیں ملا۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ معاملہ صرف مالی نہیں بلکہ عالمی صحت کے تحفظ سے بھی جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے تحفظ کے لیے عالمی تعاون ناگزیر ہے، اور امریکہ کی علیحدگی نہ صرف خود اس کے لیے بلکہ دنیا بھر کے لیے خطرات میں اضافہ کا باعث بن سکتی ہے۔









