ایس ایس پی ٹریفک مرزا بلال حسن کی ہدایات پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے علاقے کچلاک میں ایک جامع اور منظم ٹریفک آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے
ٹریفک پولیس ایجوکیشن یونٹ کا کچلاک میں ٹریفک سے متعلق آگاہی مہم کا آغاز

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 30 اپریل (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک مرزا بلال حسن کی ہدایات پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے علاقے کچلاک میں ایک جامع اور منظم ٹریفک آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، جس میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ کو خصوصی طور پر شامل کیا جارہا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مہم کا بنیادی مقصد نوجوان نسل میں روڈ سیفٹی، ٹریفک نظم و ضبط اور قانون کے مطابق ڈرائیونگ کے شعور کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ذمہ دار شہری کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکیں۔آگاہی سیشنز کے دوران طلبہ کو ٹریفک قوانین و ضوابط کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جارہی ہے، جس میں ٹریفک آگاہی اور شہری ذمہ داری کی اہمیت، ٹریفک سگنلز کی پابندی، ون وے سسٹم پر عملدرآمد، عمومی ٹریفک قوانین کی پاسداری، تیز رفتاری کے نقصانات، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے اجتناب، زیبرا کراسنگ کے درست استعمال اور لین ڈسپلن جیسے اہم نکات شامل ہیں۔اس کے علاوہ طلبہ کی بہتر سمجھ بوجھ کے لیے انٹرایکٹو سیشنز، عملی مظاہرے اور سوال و جواب کے پروگرام بھی منعقد کیے جارہے ہیں تاکہ انہیں عملی طور پر بھی ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہ کیا جاسکے۔مہم کے دوران طلبہ میں مثبت رویوں، سیفٹی کلچر کے فروغ اور ٹریفک خلاف ورزیوں و حادثات میں کمی پر خصوصی زور دیا جارہا ہے۔تعلیمی اداروں اور طلبہ کی جانب سے اس مہم کو حوصلہ افزا پذیرائی مل رہی ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ اس کے دور رس مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مزید پیش رفت سے متعلق آگاہی بروقت فراہم کی جائے گی۔








