حکومت مزدوروں کے حقوق، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین
حکومت مزدوروں کے حقوق، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، وفاقی وزیرچوہدری سالک حسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ حکومت مزدوروں کے حقوق، فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔محنت کشوں کو سازگار اور محفوظ ماحول ، منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا صرف پالیسی ترجیح نہیں بلکہ ہماری اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ جمعہ کو یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے عظیم محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کیاجنہوں نے اپنی جدوجہد سے مزدوروں کے حقوق کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہوتے ہیں۔ملکی معیشت، صنعت اور عالمی سطح پر ساکھ میں ہمارے مزدوروں کا کردار نہایت اہم ہے۔ حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے، ہم نے نہ صرف قومی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او ) کے اہم کنونشنز کی توثیق کرتے ہوئے پاکستان مزدوروں کو تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کے کوشاں ہے، ہم اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف، خصوصاً باوقار روزگار، معاشی ترقی اور سماجی تحفظ سے متعلق اہداف کے لیے بھی اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہماری افرادی قوت مشکل حالات کے باوجود غیر معمولی ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ گزشتہ سال وزارتِ سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی نے مزدوروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے اہم اقدامات کیے۔
نمایاں کامیابیوں میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بیرونِ ملک روزگار کی فراہمی، ترسیلاتِ زر میں تقریباً 40 ارب ڈالر تک اضافہ، اور اٹلی ، قطر،جنوبی کوریا،بیلاروس اور دوسرے کئی ممالک کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں کے ذریعے نئی ملازمتوں کے مواقع شامل ہیں۔ وزارت نے مالی معاونت میں اضافہ کرتے ہوئے شادی گرانٹ کو 4 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے اور ڈیتھ گرانٹ کو 8 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کردیاہے، بہت جلد اسلام آباد میں صنعتی مزدوروں کو گھروں اور فلیٹس کی میرٹ کی بنیاد پر الاٹمنٹ کی جائے گی، ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن کے تحت پنشنرز کے لیے پنشن میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ پنشن کے نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے لیے اصلاحات بھی متعارف کروائی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اداروں میں ڈیجیٹل اصلاحات کی گئی ہیں ، ورکرز ویلفیئر فنڈ موبائل ایپ اور ای-پروٹیکٹر سسٹم کے اجرا سے شفافیت اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ غیر قانونی بھرتی ایجنٹس کے لائسنس منسوخ کر کے مزدوروں کو استحصال سے بچانے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ ایک ایسے جامع اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر ہے جہاں ہر مزدور کو عزت، سماجی تحفظ اور بااختیار حیثیت حاصل ہو کیونکہ ہمارے مزدور ہی اس قوم کے اصل کفیل ہیں، ان کی محنت اور قربانی سے پاکستان کی معیشت کا پہیہ چلتا ہے اور مضبوط ہوتا ہے۔ چوہدری سالک حسین نے مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خوشحالی اور کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہم مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو مکمل معاونت فراہم کرنے، ان کے سماجی تحفظ اور سب کے لیے سماجی انصاف کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔







