محنت کشوں کی فلاح کے لیے قانون سازی اور سماجی تحفظ کو مضبوط کیا جائے گا، قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی

محنت کشوں کی فلاح کے لیے قانون سازی اور سماجی تحفظ کو مضبوط کیا جائے گا، قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یکم مئی محض ایک دن نہیں بلکہ محنت، جدوجہد، انسانی وقار اور سماجی انصاف کے عزم کی تجدید کا استعارہ ہے، محنت کشوں کی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی، ادارہ جاتی اصلاحات اور سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔جمعہ کو یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں قائمقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یکم مئی کا دن دنیا بھر میں محنت کشوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر منایا جاتا ہے، یکم مئی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو مزدوروں نے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی، معاشی استحکام اور خوشحالی محنت کش طبقے کی محنت اور لگن سے وابستہ ہے۔

محنت کش درحقیقت کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے بغیر ترقی کا کوئی تصور مکمل نہیں ہو سکتا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان محنت کشوں کے احترام، ان کے حقوق کے تحفظ اور سماجی انصاف کی فراہمی پر زور دیتا ہے ، پارلیمان نے ہمیشہ مزدوروں اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر آواز بلند کی ہے، پارلیمان نے محنت کش طبقے کے لیے قانون سازی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ قائمقام صدر نے کہا کہ پارلیمان مزدور دوست قوانین، بہتر اجرت، سماجی تحفظ، محفوظ کام کے ماحول اور فلاحی اقدامات کے فروغ کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کر رہا ہے۔

قائمقام صدر نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی زرمبادلہ کی صورت میں ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، بیرون ملک کام کرنے والے محنت کش طبقے کےحقوق کا تحفظ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عالمی یومِ مزدور محنت کشوں کی خدمات کو تسلیم کرنے، ان کی جدوجہد کو سراہنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے، موجودہ عالمی معاشی حالات کے تناظر میں اس دن کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ,پارلیمان مزدوروں کے حقوق، سماجی انصاف ,منصفانہ و مساوی معاشرے کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔