ملک کی ترقی میں محنت کشوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے،وفاقی وزیر داخلہ کا عالمی یوم مزدور کے موقع پر پیغام
ملک کی ترقی میں محنت کشوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے،وفاقی وزیر داخلہ کا عالمی یوم مزدور کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے محنت کشوں کے عالمی دن پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کشوں کے پسینے سے ہی ترقی کی داستانیں رقم ہوتی ہیں، ملک کی ترقی میں محنت کشوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ یوم مزدور کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دن ان ہاتھوں کی عظمت کا اعتراف ہے جو خاموشی سے معیشت کو استحکام بخشتے ہیں۔مزدور صرف ایک فرد نہیں بلکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا اصل ستون ہے، جس کے بغیر خوشحالی کا خواب ادھورا رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں محنت کو ایک عبادت اور محنت کش کو قابلِ احترام قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان بھی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، مناسب اجرت اور بہتر کام کے ماحول کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔محنت کشوں کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے اور ان کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے کیونکہ مزدوروں کی محنت ہی قوموں کی اصل طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔







