وزیراعظم یوتھ سکیم کے تحت یونیورسٹی آف تربت کے مستحق طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم

وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی آف تربت میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر منظور علی میرانی تھے

کوئٹہ۔ 04 مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت یونیورسٹی آف تربت میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر منظور علی میرانی تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور آئی بی اے کے ڈائریکٹر ORIC و پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ایراسمس پلس، پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی کے ہمراہ مستحق طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔تقریب میں یونیورسٹی آف تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، رجسٹرارگنگزار بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسٹاف اینڈ پروٹوکول معراج محمد مہر اورتربت یونیورسٹی کے پی ایس او ٹو وائس چانسلر میر باہڑ سمیت طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر منظور علی میرانی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں یونیورسٹی آف تربت کی نمایاں تعلیمی ترقی اور معیاری اور خوبصورت انفراسٹرکچر کو سراہا۔

انہوں نےکوالٹی ایجوکیشن کے فروغ، ادارہ جاتی نظم ونسق اور اعلی تعلیم کے حصول میں طلبہ کے عزم کو قابل تحسین قرار دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے یونیورسٹی کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی میں آئی ٹی ڈپلومہ پروگرامز، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور دیگر پیشہ ورانہ کورسز متعارف کروائےگئے ہیں تاکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوان تیار کئے جاسکیں اور وہ باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔وائس چانسلر نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ فراہم کیے گئے لیپ ٹاپ تحقیقی مقاصد کے لئے استعمال کرتے ہوئےاپنی علمی استعداد اور ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ کریں جو ایک کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزار نے کے لئے ناگزیرہیں۔اہداف کے حصول میں تربت یونیورسٹی کے ساتھ مسلسل تعاون کرنے پر انہوں نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد شاہانی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی تحقیقی مواقع تک رسائی میں معاونت، یورپی فنڈڈ ایراسمس پلس منصوبے کے تحت اسمارٹ کلاس روم کے قیام کے لیے فنڈنگ کے حصول اورتربت یونیورسٹی کی بین الاقوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں تربت یونیورسٹی کی انتظامیہ ان کے کردار کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے یونیورسٹی آف تربت میں پی ایم لیپ ٹاپ اسکیم کےفوکل پرسن انجینئر بلال الرحمان نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت چودہ سو سے زائد طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئےہیں۔اس سے پہلے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وفد نے یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر سے ان کے دفترمیں ملاقات کی۔