ہلال احمر پاکستان کے شعبہ کلائمیٹ چینج کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

ہلال احمر پاکستان کے شعبہ کلائمیٹ چینج کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):ہلال احمر پاکستان کے شعبہ کلائمیٹ چینج کے زیر اہتمام ’’کلائمیٹ چیمپئن‘‘ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے آگاہی کے فروغ کے لئے مختلف تخلیقی اور عملی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔تقریب کے دوران طلباء و طالبات نے ہلال احمر پاکستان کی آوٹر وال پرآرٹ اور پینٹنگ کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو اجاگر کیاجبکہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی کے حوالے سے بھی شعور بیدار کیا گیا۔

تھیٹر پرفارمنس میں ماحول کی بہتری کے لئے مختلف عملی اقدامات کو دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا۔یہ تقریب ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ ویک کی تقریبات کا حصہ تھاجس میں ری یوز، ری سائیکل اور ریڈیوس کے اصولوں سے متعلق شرکاء کو تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔ تقریب میں جڑواں شہروں سے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ماہرین ماحولیات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔سبز ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے سائیکلنگ اور علامتی واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔

گرین کوائن کے عوض کچرے کی فروخت کے لئے گرین مارکیٹنگ سٹال بھی لگایا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان عوام میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور پلاسٹک کے استعمال کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے موومنٹ پارٹنر کی شرکت اور تعاون کو سراہا۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل ہلال احمر پاکستان محمد عبیداللہ خان،آئی ایف آرسی، آئی سی آر سی، نارکراس، جرمن ریڈ کراس اور ترکیہ ریڈ کریسنٹ کے مندوبین ،پروگرام انچارج سجاد کندھیر،مرتضیٰ ٹالپور بھی شریک تھےتقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ہلال احمر پاکستان کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پھلدار چیکو اور دیگر سایہ دار پودے لگائے گئے۔