معرکہ حق سے پاکستان کی عسکری، سفارتی قوت دنیا پر واضح ہو گئی، پاکستان بزنس فورم
معرکہ حق سے پاکستان کی عسکری، سفارتی قوت دنیا پر واضح ہو گئی، پاکستان بزنس فورم

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):چیف آرگنائزر پاکستان بزنس فورم چوہدری احمد جواد نے معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاریخی معرکہ ہمارے لئے اتحاد، عزم اور قومی ترقی کی روشن علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق نے نہ صرف قوم کو متحد کیا بلکہ دنیا پر پاکستان کی عسکری، سفارتی اور معاشی قوت کو بھی واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور پاک فوج نے جس جرات، حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا وہ ایک بے مثال اور قابل فخر باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو دیا جانے والا موثر جواب آج دنیا بھر کے عسکری اداروں اور وار کالجز میں بطور کیس سٹڈی زیر بحث ہے جو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فضائیہ کے جدید رافیل طیاروں سمیت مجموعی طور پر8 جنگی طیاروں کو نشانہ بنانا پاک فضائیہ کی اعلیٰ تربیت، مہارت اور تکنیکی برتری کا واضح اظہار تھا جبکہ اس کے برعکس بھارت کی دفاعی حکمت عملی بری طرح ناکام ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام دعوئوں کے باوجود اسے عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا جو اس کی عسکری کمزوریوں کو عیاں کرتا ہے۔
پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور عسکری قیادت بالخصوص فیلڈ مارشل کی دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موثر رہنمائی کے باعث پاکستان کو یہ تاریخی کامیابی حاصل ہوئی جس کے مثبت اثرات آج بھی ملکی استحکام اور ترقی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔ سنیئر نائب صدر پاکستان بزنس فورم آمنہ منور اعوان نے کہا کہ عسکری تاریخ میں آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کے نام سے یاد رکھا جانے والا یہ معرکہ بھارت کے لیے ایک سبق ہے جو وہ کبھی فراموش نہیں کر سکے گا۔
انہوں نے بھارت کی مسلسل ناکامیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن نے نہ صرف عسکری میدان میں شکست کھائی بلکہ سفارتی سطح پر بھی تنہائی کا شکار ہوا۔انھوں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے اپنی روش نہ بدلی تو پاکستان ہر سطح پر موثر اور سخت جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کی جائے کیونکہ یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لئے ناگزیر ہے۔








