راولپنڈی ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ میں ضلع چکوال کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا
راولپنڈی ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ میں ضلع چکوال کی ٹیم فاتح

مزید خبریں
راولپنڈی۔5مئی (اے پی پی):راولپنڈی ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی ٹورنامنٹ میں ضلع چکوال کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ٹورنامنٹ میں راولپنڈی، اٹک، جہلم اور چکوال کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں چکوال نے اٹک کو 13 کے مقابلے میں 39 پوائنٹس سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خوب سراہا۔
تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری تھے جبکہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی شمس توحید عباسی، نوید احمد بیگ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے کردار کو بھی سراہا۔








