چیمپئنز لیگ سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں پی ایس جی کے خلاف جارحانہ کھیل کے لئے پر عزم ہیں، ہیڈ کوچ بائرن میونخ

چیمپئنز لیگ سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں پی ایس جی کے خلاف جارحانہ کھیل کے لئے پر عزم ہیں، ہیڈ کوچ بائرن میونخ

میونخ۔6مئی (اے پی پی):بائرن میونخ فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ ونسنٹ کمپنی نے کہا ہے کہ چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں دفاعی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی)کے خلاف اپنے روایتی جارحانہ اور پرخطر انداز کو برقرار رکھنے کے لئے پر عزم ہیں۔

ای ایس پی این کے مطابق جمعرات کو ہونے والے اس اہم میچ سے قبل بیلجیئن کوچ کا کہنا ہے کہ وہ دفاعی حکمت عملی اپنانے کے بجائے آل آؤٹ اٹیک کی پالیسی پر گامزن رہیں گے۔

گزشتہ ہفتے پیرس میں کھیلے گئے پہلے مرحلے کے سنسنی خیز مقابلے میں پی ایس جی نے بائرن کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی تھی۔

اس میچ کو جدید دور کے بہترین مقابلوں میں شمار کیا گیا، تاہم بائرن میونخ کو اپنے کمزور دفاع کے باعث تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اس کے باوجود ونسنٹ کمپنی کا ماننا ہے کہ ٹیم کی اصل طاقت ان کا حملہ کرنے کا انداز ہے اور وہ اسے تبدیل کر کے اپنی قوت کم نہیں کرنا چاہتے۔

بائرن میونخ نے رواں سیزن میں اب تک 32 میچوں میں 116 گول کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے لیکن گزشتہ چھ میچوں میں 16 گول کھا کر ان کے دفاع پر سوالیہ نشانات لگ گئے ہیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ونسنٹ کمپنی نے کہا کہ میں چیزوں کو صرف سیاہ یا سفید رنگ میں نہیں دیکھتا، میں بھی کلین شیٹ (بغیر گول کھائے میچ جیتنا)پسند کروں گا لیکن ہم وہ انداز نہیں چھوڑ سکتے جس نے ہمیں یہاں تک پہنچایا ۔ٹیم کے سینئر کھلاڑی جوشوا کِمچ نے بھی کوچ کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض دفاع کرنے کے لیے میدان میں نہیں اتریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں جیتنا ہے چاہے وہ 0-1 کی جیت ہو یا ایک بار پھر 5-4 کا مقابلہ، ہم اپنا سٹائل نہیں بدلیں گے۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن پی ایس جی کے کوچ لوئس اینریکے کا کہنا ہے کہ میونخ میں برتری برقرار رکھنے کے لیے انہیں کم از کم 3 گول کرنے کی ضرورت ہوگی۔ فٹ بال کے شائقین جمعرات کی شب میونخ میں ایک اور ہائی وولٹیج مقابلے کی توقع کر رہے ہیں جہاں دونوں ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیے ایک دوسرے پر گولز کی بوچھاڑ کرنے کو تیار ہیں۔

مزید خبریں