معرکہ حق نے نہ صرف پاکستان کے وقار کو عالمی سطح پر بلند کیا بلکہ پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا، واورنگزیب کھچی

لوک ورثہ کے زیر اہتمام ’’معرکۂ حق‘‘ کی کامیابی کے پہلے سال کے موقع پر ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں قومی یکجہتی، افواج پاکستان کی قربانیوں، نوجوان نسل کے کردار اور پاکستان کے عالمی وقار پر معرکہ حق کے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔ وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے …

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):لوک ورثہ کے زیر اہتمام ’’معرکۂ حق‘‘ کی کامیابی کے پہلے سال کے موقع پر ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں قومی یکجہتی، افواج پاکستان کی قربانیوں، نوجوان نسل کے کردار اور پاکستان کے عالمی وقار پر معرکہ حق کے اثرات کو اجاگر کیا گیا۔ وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق نے نہ صرف پاکستان کے وقار کو عالمی سطح پر بلند کیا بلکہ پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جانب سے افواج پاکستان اور نوجوان نسل کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں اور قوم نے متحد ہو کر بھارتی بیانیے کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ سپین کے سرکاری دورے کے دوران پاکستان عالمی توجہ کا مرکز رہا اور مختلف ممالک کے سفرا پاکستانی قیادت سے ملاقات کے خواہاں تھے جو معرکہ حق کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی نے قومی اتحاد کو مزید مضبوط کیا اور پاکستان ایک ذمہ دار اور باوقار ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا۔تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر وقاص سلیم نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والا یہ سیمینار قوم کے لیے ایک مثبت اور موثر پیغام ثابت ہوگا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ معرکہ حق نے ملکی صورتحال کو یکسر تبدیل کرتے ہوئے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک باوقار مقام دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے محدود وسائل کے باوجود دشمن کی جدید ٹیکنالوجی کو ناکام بنا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور دنیا پر واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو عالمی امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ائیر وائس مارشل (ر) اسد اکرام نے کہا کہ کسی بھی بڑی کامیابی کے پیچھے برسوں کی محنت، تیاری اور عزم کارفرما ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کامیابی حاصل کرنا پاکستان کی بڑی قوت ہے۔ سائبر ڈومین میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا اور سائبر سکیورٹی کے میدان میں طلبہ کی خدمات قابل ستائش رہیں۔ انہوں نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کی مشترکہ حکمت عملی اور ہم آہنگی ہی اس کامیابی کی بنیاد بنی۔سابق صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم نے اختلافات بھلا کر اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے بھارتی فالس فلیگ آپریشن پہلگام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے شفاف تحقیقات اور ثبوتوں کا مطالبہ کیا جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو پذیرائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل نے بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جو ایک بڑی قومی کامیابی ہے۔سیمینار میں سابق وفاقی وزیر چنگیز جمالی، پارلیمانی سیکریٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر اور رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی اور پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز اکبر نے مہمانوں میں یادگاری سووینئر تقسیم کیے۔

مزید خبریں