وزارت قانون و انصاف کے زیر اہتمام لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی (لاجا) اور جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) کے اشتراک سے منشیات کے مقدمات میں زیرِ حراست خواتین کو قانونی امداد کی فراہمی مؤثر بنانے کیلئے وکلاء کے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔
منشیات مقدمات میں قید خواتین کیلئے قانونی امداد بہتر بنانے کے پروگرام کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):وزارت قانون و انصاف کے زیر اہتمام لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی (لاجا) اور جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) کے اشتراک سے منشیات کے مقدمات میں زیرِ حراست خواتین کو قانونی امداد کی فراہمی مؤثر بنانے کیلئے وکلاء کے تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا گیا۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ تربیتی سیشن میں وکلاء کے پہلے گروپ کو ڈیجیٹل لیگل ایڈ پائلٹ پروگرام کے تحت خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔ پروگرام کا مقصد اسلام آباد اور راولپنڈی میں منشیات مقدمات میں گرفتار خواتین کیلئے تربیت یافتہ اور صنفی حساس وکلاء کی خدمات فراہم کرنا اور مقدمات کی پیشرفت کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مانیٹر کرنا ہے۔لاجا کے ڈائریکٹر جنرل عادل انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری قانونی نمائندگی تک رسائی انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پائلٹ پروگرام قانونی امداد کے نظام کو مزید منظم، جوابدہ اور مؤثر بنانے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔تربیتی پروگرام میں وکلاء کو منشیات مقدمات سے متعلق قانونی نکات، ضمانت اور تخفیفِ سزا کے طریقہ کار، مؤکلین کے ساتھ حساس طرزِ عمل اور بین الاقوامی اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین قیدیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے بینکاک رولز پر بھی بریفنگ دی گئی۔جسٹس پروجیکٹ پاکستان کی ٹیم لیڈ، ڈیٹا اینڈ ریسرچ عائشہ سلیم نے کہا کہ مؤکلین کے سماجی اور خاندانی حالات کو سمجھنا مؤثر قانونی معاونت کیلئے ضروری ہے جس سے زیادہ منصفانہ نتائج حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔
پروگرام کے تحت مقدمات کی نگرانی ’’وکیل آن لائن‘‘ نامی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائے گی جس کے ذریعے وکلاء اور مؤکلین کے درمیان رابطوں اور مقدمات کی پیشرفت کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں قانونی امداد کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔منتظمین کے مطابق یہ تربیتی سیشن آئندہ مرحلوں کی پہلی کڑی ہے اور اس پروگرام سے خواتین قیدیوں کیلئے قانونی معاونت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔








