اسلام آباد میں بین الاقوامی طلبہ کنونشن و ایکسپو اختتام پذیر، ہزاروں طلبہ کی شرکت

اسلام آباد میں چار روزہ چھٹا انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو (آئی ایس سی ای 2026) اختتام پذیر ہوگیا جس میں ملک بھر اور بیرون ملک سے ہزاروں طلبہ، جامعات اور صنعتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق کنونشن میں 40 سے زائد جامعات، مختلف صنعتی اداروں اور تقریباً 10 ہزار طلبہ نے حصہ لیا جبکہ غیر ملکی طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت نے ایونٹ کو …

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):اسلام آباد میں چار روزہ چھٹا انٹرنیشنل سٹوڈنٹس کنونشن اینڈ ایکسپو (آئی ایس سی ای 2026) اختتام پذیر ہوگیا جس میں ملک بھر اور بیرون ملک سے ہزاروں طلبہ، جامعات اور صنعتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ منتظمین کے مطابق کنونشن میں 40 سے زائد جامعات، مختلف صنعتی اداروں اور تقریباً 10 ہزار طلبہ نے حصہ لیا جبکہ غیر ملکی طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت نے ایونٹ کو بین الاقوامی اہمیت دی۔ کنونشن کی افتتاحی تقریب رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد میں منعقد ہوئی جبکہ تعلیمی اور صنعتی نمائش فاسٹ نیشنل یونیورسٹی میں ہوئی۔ مختلف مقابلے اور ورکشاپس قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد اور پاک آسٹریا فاخ ہوخ شولے انسٹیٹیوٹ ہری پور میں منعقد کی گئیں۔ چار روزہ ایونٹ میں تعلیمی مقابلے، ورکشاپس، انڈور گیمز، صنعتی نمائش، طلبہ کے تحقیقی و تخلیقی منصوبے اور ٹیکنالوجی سے متعلق سرگرمیاں شامل تھیں۔

 

شرکا کو تعلیمی، تحقیقی اور صنعتی شعبوں سے متعلق نئی معلومات اور روابط قائم کرنے کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔ مقابلوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد نے مجموعی ٹیم ٹرافی اپنے نام کی جبکہ یونیورسٹی آف سرگودھا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔کنونشن کے بانی محمد مرتضیٰ نور نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کو سیکھنے، تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار اور نئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن تعلیمی اداروں، طلبہ اور صنعتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

سابق چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر جاوید لغاری نے کہا کہ قومی ترقی اور جدت کے فروغ کیلئے جامعات اور صنعتوں کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں جبکہ اس نوعیت کی سرگرمیاں تعلیمی تحقیق اور عملی میدان کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔کنونشن میں مختلف نشستوں، پینل مباحثوں اور سفارتی فورم کا بھی انعقاد کیا گیا جہاں ماہرین تعلیم، صنعتکاروں اور سفارتکاروں نے پاکستان کو اعلیٰ تعلیم اور جدت کا علاقائی مرکز بنانے سے متعلق خیالات کا اظہار کیا۔ یہ کنونشن ہائر ایجوکیشن کمیشن، او آئی سی کامسٹیک سمیت مختلف اداروں کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

 

مزید خبریں