گلگت بلتستان کے نوجوانوں کیلئے وزیراعظم یوتھ لون سیکم کا آغاز ہوچکا ہے، رانا مشہود

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کی پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے سنٹرل سیکریٹریٹ، ائیرپورٹ روڈ گلگت آمد پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔

گلگت۔ 07 مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود کی پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے سنٹرل سیکریٹریٹ، ائیرپورٹ روڈ گلگت آمد پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے ذمہ داران سے ملاقات کی، جس میں آئندہ انتخابات، تنظیمی امور اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم اور عملی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔رانا مشہود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے حامل ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم کا آغاز ہوچکا ہے، جس کے ذریعے گلگت بلتستان کے نوجوان اپنے کاروبار شروع کرکے باعزت روزگار حاصل کرسکیں گے، جبکہ اس اقدام سے خطے میں بے روزگاری میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو سالانہ کوٹہ مختص کرکے بیرونِ ممالک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہوسکیں۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ سکیم کے تحت ملک بھر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نوجوانوں میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کی جائیں گی، جبکہ پہلے مرحلے میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے تین ہزار الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نوجوانوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ان کے روزگار و تعلیمی مسائل میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔

 

مزید خبریں