وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے دانش سکول اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی معیار اور جدید سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر مملکت نے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی لیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی
وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر کا دانش سکول اسلام آباد کا دورہ
اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے دانش سکول اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی معیار اور جدید سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وزیر مملکت نے طلبہ سے ملاقات کی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی لیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے تعلیمی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔ وجیہہ قمر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق معیاری تعلیم ہر بچے تک پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جدید اور یکساں نظام تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش سکول منصوبہ وزیراعظم کے تعلیمی وژن کی عملی تعبیر ہے جو ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان تعلیمی اصلاحات اور نوجوانوں کو جدید علوم، ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اصل ضمانت ہے۔









