گورنر خیبرپختونخوا کی لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کی مذمت

گورنر خیبرپختونخوا کی لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کی مذمت

پشاور۔ 12 مئی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بیگناہ افراد کی موت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر بالخصوص جنوبی اضلاع میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات انتہائی تشویشنا ک ہیں۔

گورنرنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قانون کی حکمرانی اور پائیدار امن کیلئے سنجیدہ اور قابل عمل اقدامات اٹھائے۔ بے گنا افراد کا خون بہانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشتگرد صوبہ کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، دہشتگردی میں قیمتی جانیں قربان کرنے والے صوبہ کے عوام، پولیس، سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔