علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کا افتتاح، 168 کتب عطیہ

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر کا افتتاح، 168 کتب عطیہ

اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر (جے پی اے سی) کا افتتاح کر دیا گیا ۔ جاپان کی معروف فلاحی تنظیم نیپون فاؤنڈیشن نے یونیورسٹی کو 168 انگریزی زبان کی کتب بھی عطیہ کیں۔ یہ کتب ’’ریڈ جاپان پراجیکٹ‘‘ کے تحت فراہم کی گئیں جس کا آغاز نیپون فاؤنڈیشن نے 2008 میں دنیا بھر میں جاپان سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے کے لئے کیا تھا۔ تقریب میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئچی نے کتب کا مجموعہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے حوالے کیا۔

‘عطیہ کی گئی کتب میں جاپان کی تاریخ، سیاست، معیشت، سلامتی، بین الاقوامی تعلقات، فلسفہ، ادب، زبان اور ثقافت سمیت مختلف موضوعات شامل ہیں۔ اسی موقع پر جاپان پاکستان ایڈوانسمنٹ سینٹر (جے پی اے سی) کا بھی افتتاح کیا گیا جس کا مقصد جاپانی زبان، ثقافت، تعلیمی تبادلوں، روزگار اور کاروباری مواقع کو فروغ دینا ہے۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل ترقی چوہدری سالک حسین نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے کہا کہ کتابیں علم کے ایسے پل ہیں جو نوجوانوں کو جاپان کی تہذیب، سوچ اور ترقی کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے پی اے سی پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلیم، روزگار اور کاروباری تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نیپون فاؤنڈیشن اور جاپانی سفارتخانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتب طلبہ کو جاپان کے بارے میں بہتر آگاہی فراہم کریں گی اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی جے پی اے سی کے ذریعے باصلاحیت طلبہ کی تربیت اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے بھی جے پی اے سی کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔