پاکستان والی بال فیڈریشن نے سال 2026کے لیے اہم بین الاقوامی ایونٹس میں قومی ٹیموں کی شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔چیئرمین فیڈریشن چوہدری یعقوب کے مطابق پاکستان کی انڈر 17 مینز والی بال ٹیم 19 اگست سے 29 اگست 2026 تک دوحہ
پاکستان والی بال فیڈریشن کا بین الاقوامی ایونٹس میں قومی ٹیموں کی شرکت کا اعلان
لاہور۔13مئی (اے پی پی):پاکستان والی بال فیڈریشن نے سال 2026کے لیے اہم بین الاقوامی ایونٹس میں قومی ٹیموں کی شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔چیئرمین فیڈریشن چوہدری یعقوب کے مطابق پاکستان کی انڈر 17 مینز والی بال ٹیم 19 اگست سے 29 اگست 2026 تک دوحہ، قطر میں ہونے والی ایف آئی وی بی بوائز انڈر 17 ورلڈ چمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی کرے گی۔ پاکستان نے اس عالمی ایونٹ کے لیے کوالیفائی 2025میں شاندار کارکردگی کے بعد کیا، جب قومی ٹیم نے ایشین انڈر 16 والی بال چمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ یہ کامیابی پاکستان کی یوتھ والی بال تاریخ کی نمایاں ترین فتوحات میں شمار کی جا رہی ہے۔ورلڈ چمپئن شپ میں دنیا کی 24 مضبوط ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں الجزائر، ارجنٹینا، برازیل، بلغاریہ، چائنیز تائپے، کیوبا، چیکیا، مصر، فرانس، بھارت، ایران، اٹلی، جاپان، میکسیکو، پاکستان، پولینڈ، پورٹو ریکو، قطر، رومانیہ، سپین، تیونس، ترکیہ، امریکا اور وینزویلا شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کی سینئر مینز والی بال ٹیم بھی19ستمبر سے4اکتوبر 2026 تک آئچی ناگویا، جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز 2026 میں شرکت کرے گی۔ ایشین گیمز ایشیا کے بڑے کھیلوں کے مقابلوں میں شمار ہوتے ہیں جہاں پاکستان کو مضبوط ایشیائی ٹیموں کا سامنا کرنا ہوگا۔پاکستان والی بال فیڈریشن کے مطابق ان عالمی مقابلوں میں شرکت کا مقصد ملک میں والی بال کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی ترقی، بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مسابقت کو مضبوط بنانا، کھلاڑیوں کے لیے پیشہ ورانہ مواقع پیدا کرنا اور پاکستان کو خطے میں والی بال کی مضبوط قوت کے طور پر ابھارنا ہے۔فیڈریشن کا کہنا ہے کہ سال 2026 پاکستان والی بال کے لیے ایک اہم اور تاریخی سال ثابت ہوگا جس میں قومی چیمپئن شپس، بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی، پاکستان نیشنل لیگ کا آغاز اور عالمی سطح پر قومی ٹیموں کی نمائندگی شامل ہے۔









