وزیر اعلی مریم نواز دکھی انسانیت کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہیں،عظمی بخاری

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلع چلاس سے تعلق رکھنے والے دو کمسن مریضوں کو بذریعہ ایئر ایمبولنس لاہور منتقل کیا گیا، جو دکھی انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہے۔

لاہور۔17مئی (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلع چلاس سے تعلق رکھنے والے دو کمسن مریضوں کو بذریعہ ایئر ایمبولنس لاہور منتقل کیا گیا، جو دکھی انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے بتایا کہ سٹنیاں، چلاس سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ ثناء اللہ ولد صابر حسین اور 14 سالہ عطاء اللہ ولد صابر حسین موروثی گردوں کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ وزیراعلی کی خصوصی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی دو گاڑیاں چلاس روانہ کی گئیں تاکہ بچوں کو محفوظ طریقے سے منتقل کیا جا سکے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ دونوں بچوں کو مکمل طبی نگہداشت کے ساتھ لاہور منتقل کر کے پنجاب کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (PKLI) میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم ان کے علاج اور دیکھ بھال کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کا ویژن بلا تفریق عوامی خدمت اور چلاس کے بچوں کی ایئر ایمبولنس کے ذریعے بروقت منتقلی اسی ویژن کا عملی مظہر ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز انسانیت کی خدمت کو سیاست سے بالاتر رکھتی اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہیں۔