پی سی بی لیول ٹو امپائرنگ کورس اختتام پذیر

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چار روزہ پی سی بی لیول ٹو امپائرنگ کورس 14 سے 17 مئی تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا، جس میں 65 امیدواروں نے شرکت کی۔

لاہور۔18مئی (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام چار روزہ پی سی بی لیول ٹو امپائرنگ کورس 14 سے 17 مئی تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوا، جس میں 65 امیدواروں نے شرکت کی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق تمام امیدوار لیول ون کورس مکمل کرنے کے بعد اس مرحلے کے لیے کوالیفائی ہوئے تھے۔کورس کے دوران ٹریننگ سیشنز، تحریری امتحان اور انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد معیاری اور باصلاحیت امپائرز کو پی سی بی کے امپائرز پینل کا حصہ بنانا تھا۔آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا اور آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے امپائر آصف یعقوب نے کورس کے انسٹرکٹرز کے فرائض انجام دیے۔ احسن رضا کا کہنا تھا کہ پروگرام کے دوران کئی باصلاحیت امیدوار سامنے آئے، جبکہ امیدواروں کی معلومات، کمیونیکیشن اسکلز اور مجموعی شخصیت بھی متاثر کن رہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی اور امپائرز ڈیپارٹمنٹ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس کورس کے انعقاد کو ممکن بنایا۔احسن رضا کے مطابق کورس کے دوران کمیونیکیشن، عملی امپائرنگ اور تھیوری پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ مستقبل میں اعلی معیار کے امپائرز تیار کیے جا سکیں۔